ایل پی جی کی قیمتوں میں نمایاں کمی
LPG Price Reduction Pakistan
فائل فوٹو
اسلام آباد: (اشرف خان) آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے جون 2025 کیلئے ایل پی جی کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا اعلان کر دیا۔

اوگرا کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ایک کلو گرام ایل پی جی کی قیمت میں 4 روپے 62 پیسے کی کمی کی گئی ہے۔

اس کمی کے بعد جون کیلئے ایل پی جی کی نئی قیمت 240 روپے 53 پیسے فی کلو مقرر کی گئی ہے، جبکہ مئی میں یہی قیمت 245 روپے 16 پیسے فی کلو تھی۔ اس کمی سے نہ صرف تجارتی صارفین کو ریلیف ملے گا بلکہ گھریلو صارفین بھی براہِ راست مستفید ہوں گے۔

گھریلو سلینڈر (11.8 کلو) کی قیمت میں بھی 54 روپے 60 پیسے کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے بعد جون کیلئے سلینڈر کی نئی قیمت 2,838 روپے مقرر کی گئی ہے۔ مئی میں یہی سلینڈر 2,892 روپے میں فروخت ہو رہا تھا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ایل پی جی کی قیمت میں کمی سے کھانا پکانے اور دیگر گھریلو سرگرمیوں میں استعمال ہونے والی توانائی پر اخراجات میں کمی آئے گی، جو عام شہریوں کیلئے ایک بڑا ریلیف ہے۔

اوگرا کے مطابق قیمتوں میں کمی کا یہ فیصلہ بین الاقوامی مارکیٹ میں ایل پی جی نرخوں میں کمی اور مقامی مارکیٹ کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔

دوسری جانب عوامی حلقے اس فیصلے کا خیرمقدم کر رہے ہیں اور امید ظاہر کر رہے ہیں کہ مستقبل میں مزید ایسے اقدامات کیے جائیں گے تاکہ مہنگائی کا بوجھ کم کیا جا سکے۔