
یہ صورتحال اُس وقت پیش آئی جب اسپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند اڈیالہ جیل میں مقدمے کی سماعت کیلئے موجود تھے۔
تفصیلات کے مطابق بشریٰ بی بی نے مؤقف اختیار کیا کہ چونکہ منگل کے روز ان کی اپنے شوہر عمران خان سے ملاقات نہیں کروائی گئی، اس لیے وہ عدالت میں پیش نہیں ہوں گی۔ جیل حکام نے یہ اطلاع عدالت کو پہنچائی، جس پر جج شاہ رخ ارجمند نے شدید برہمی کا اظہار کیا۔
یہ بھی پڑھیں:احتجاجی تحریک کو جیل سے لیڈ کروں گا، عمران خان
عدالت نے ساڑھے تین گھنٹے تک ملزمہ کا انتظار کیا، مگر پیشی نہ ہونے پر کیس کی سماعت 3 جون تک ملتوی کر دی گئی۔ سماعت کے دوران اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر ذوالفقار عباس نقوی نے عدالت سے مطالبہ کیا کہ بشریٰ بی بی کی ضمانت منسوخ کر دی جائے کیونکہ وہ کیس میں ضمانت پر ہیں اور عدالتی حکم کی خلاف ورزی کر رہی ہیں۔
پراسیکیوٹر کا مزید کہنا تھا کہ عدالت اپنے اختیارات استعمال کرتے ہوئے ملزمہ کی غیر موجودگی میں بھی کارروائی آگے بڑھا سکتی ہے۔ تاہم، جج نے بشریٰ بی بی کو ایک اور موقع دیتے ہوئے تنبیہ کی کہ اگر وہ آئندہ سماعت پر بھی غیر حاضر رہیں تو ان کی ضمانت منسوخ کر دی جائے گی۔