
تفصیلات کے مطابق اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بیرسٹر علی ظفر کا نے کہا کہ عمران خان نے حکومت کیخلاف احتجاجی تحریک شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے،ہماری احتجاجی تحریک کا مرکز اسلام آباد نہیں ہو گا، بلکہ ملک بھر میں احتجاجی تحریک چلائی جائے گی۔
بیرسٹر علی ظفر کا گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ بانی چئیرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے کہا ہے کہ ہمیں دیوار کے ساتھ لگایا گیا ہے،اب ہمارے پاس سڑکوں پر آنے کے سوا کوئی آپشن نہیں رہا، عمران خان نے کہا کہ ملک بھر میں احتجاج شروع کریں گے جسے میں جیل سے خود لیڈ کروں گا، بانی پی ٹی آئی نے کہا احتجاجی تحریک سے متعلق تمام ہدایات میں جیل سے ہی جاری کروں گا۔
یہ بھی پڑھیں:پی ٹی آئی پشاور ضلعی تنظیم کے تمام عہدیداران برطرف
انہوں نے کہا کہ بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے مجھےذمہ داری سونپی ہے کہ احتجاجی تحریک کا پلان بنا کر دوں، عمران خان سے آئندہ ملاقات پر احتجاجی تحریک کا پلان پیش کروں گا، وکلا اور پارٹی قیادت سے مشاورت کے بعد منصوبہ بندی کریں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بہت سنجیدہ ہیں، اب جو تحریک چلے گی ایسی پہلےکبھی نہیں چلی ہو گی، عمران خان نے کہا اس دفعہ تحریک کو نتیجہ خیز بنانا ہے، تحریک چلانے میں رکاوٹیں آتی ہیں مگر ہمیں بھی طریقے آتے ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنما نے کہا کہ چند دنوں میں احتجاجی تحریک کی حکمت عملی تیار ہو جائے گی، اگلی ملاقات کے بعد بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) خود ذمہ داریاں سونپیں گے، عمران خان نے پارٹی لیڈرشپ کے بارےمیں کہا کہ ان پر اعتماد ہے مگر تحریک کو وہ خود ہی لیڈ کریں گے۔