
اس حوالے سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پشاور ریجن کی جانب سے باقاعدہ اعلامیہ بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
جاری کردہ اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ ضلعی تنظیم کی تحلیل کا فیصلہ پارٹی کی تنظیم نو، کارکردگی میں بہتری اور عوام سے مؤثر رابطہ قائم کرنے کیلئے کیا گیا ہے۔ پارٹی قیادت کے مطابق مستقبل میں نئے سرے سے تنظیم سازی کی جائے گی تاکہ مقامی سطح پر پارٹی ڈھانچے کو زیادہ مضبوط اور فعال بنایا جا سکے۔
اعلامیہ میں بتایا گیا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پشاور ریجن کے صدر عرفان سلیم اور جنرل سیکرٹری شہاب چمکنی سمیت تمام موجودہ عہدیداران اب اپنی ذمہ داریوں سے سبکدوش ہو چکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:علیمہ اور عظمی خان کی عبوری ضمانت میں 13 جون تک توسیع
سیاسی تجزیہ کاروں کا ماننا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی قیادت پشاور سمیت خیبر پختونخوا میں پارٹی ڈھانچے کو مزید مؤثر بنانے کیلئے مختلف اقدامات پر غور کر رہی ہے، یہ اقدام اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔
دوسری جانب پارٹی حلقوں میں تنظیم کی تحلیل کو مثبت قدم قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ بعض حلقے اس تبدیلی کو اندرونی اختلافات کا نتیجہ بھی قرار دے رہے ہیں۔ آئندہ دنوں میں نئے عہدیداروں کے تقرر کا اعلان متوقع ہے۔