علیمہ اور عظمی خان کی عبوری ضمانت میں 13 جون تک توسیع
لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے سابق وزیراعظم عمران خان کی بہنوں علیمہ خان اور عظمیٰ خان کی عبوری ضمانت میں 13 جون 2025 تک توسیع کر دی
عمران خان کی بہنیں علمیہ خانم اور عظمی خانم / فائل فوٹو
لاہور: (سنو نیوز) لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے سابق وزیراعظم عمران خان کی بہنوں علیمہ خان اور عظمیٰ خان کی عبوری ضمانت میں 13 جون 2025 تک توسیع کر دی۔

انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے جلاؤ گھیراؤ اور تشدد کے مقدمات میں دائر ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی۔ یہ مقدمات 5 اکتوبر کے پرتشدد واقعات سے متعلق ہیں، جن میں مظاہروں کے دوران سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا گیا تھا اور متعدد مقامات پر بدامنی پیدا ہوئی تھی۔ پولیس کی جانب سے تھانہ لاری اڈا اور تھانہ مستی گیٹ میں یہ مقدمات درج کیے گئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان نے عالیہ حمزہ کو پنجاب کی سیاسی کمیٹی کا سربراہ مقرر کردیا

عدالت نے اس موقع پر صرف علیمہ خان اور عظمیٰ خان کی عبوری ضمانت میں توسیع نہیں کی بلکہ دیگر شریک ملزمان امتیاز محمود اور غلام محی الدین کی عبوری ضمانت کی بھی توثیق کر دی۔ اس دوران علیمہ خان اور عظمیٰ خان کے وکلاء نے مؤقف اختیار کیا کہ ان کی موکلین حاضری سے قاصر ہیں لہٰذا ان کے لیے ایک روزہ حاضری سے استثنیٰ دیا جائے، جس پر عدالت نے نرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے استثنیٰ کی درخواست منظور کر لی۔

عدالت نے اس کیس کی آئندہ سماعت کے لیے پراسیکیوشن کو بھی نوٹس جاری کر دیا ہے اور ہدایت کی ہے کہ اگلی سماعت پر دلائل مکمل کیے جائیں۔ اس کے ساتھ ساتھ عدالت نے تمام متعلقہ فریقین کو بھی پابند کیا ہے کہ وہ آئندہ تاریخ پر عدالت میں پیش ہوں تاکہ معاملے کو جلد نمٹایا جا سکے۔

اب عدالت کی جانب سے دی گئی نئی تاریخ یعنی 13 جون کو یہ دیکھنا ہوگا کہ آیا عبوری ضمانت مزید توسیع پاتی ہے یا کیس کا کوئی حتمی فیصلہ سامنے آتا ہے۔