آندھی اور گرج چمک کیساتھ بارش، محکمہ موسمیات کی پیشگوئی
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ لاہور، فیصل آباد، راولپنڈی، سرگودھا، بہاولپور، ڈیرہ غازی خان اور ملتان سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں آج آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے
محکمہ موسمیات نے پنجاب کے مختلف شہروں میں آج آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی/ فائل فوٹو
(ویب ڈیسک) محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ لاہور، فیصل آباد، راولپنڈی، سرگودھا، بہاولپور، ڈیرہ غازی خان اور ملتان سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں آج آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

 محکمہ موسمیات کے مطابق یہ بارشیں پری مون سون سسٹم کا حصہ ہیں، جو کہ ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں سرگرم ہے۔ یہ سلسلہ آج تک جاری رہنے کا امکان ہے، جس کے دوران بعض علاقوں میں تیز ہوائیں، گرج چمک اور ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پری مون سون بارشیں، پی ڈی ایم اے کی پیشگوئی

دوسری جانب، شدید موسمی صورتحال کے باعث جانی اور مالی نقصانات کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔ پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے ترجمان کے مطابق، گزشتہ تین دن کے دوران صوبے بھر میں آسمانی بجلی گرنے اور بوسیدہ عمارتوں کے منہدم ہونے کے مختلف واقعات میں 3 افراد جاں بحق اور 25 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔ ان واقعات میں سب سے زیادہ نقصان دیہی اور کمزور انفرااسٹرکچر والے علاقوں میں ہوا، جہاں پرانی اور خستہ حال عمارتیں طوفانی ہواؤں کے باعث گر گئیں۔

 ادھر خیبرپختونخوا میں بھی موسمی صورتحال نے خطرناک رخ اختیار کر لیا ہے۔ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق، حالیہ آندھی، طوفان اور بارش کے واقعات میں اب تک 8 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ ان اموات میں زیادہ تر افراد وہ شامل ہیں جو درختوں یا کمزور دیواروں کے نیچے آ کر زخمی ہوئے یا اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ غیر ضروری طور پر کھلے آسمان تلے نہ نکلیں، پرانی عمارتوں سے دور رہیں اور شدید موسمی صورتحال کے دوران حفاظتی اقدامات اپنائیں۔ پی ڈی ایم اے اور متعلقہ اداروں نے ریسکیو ٹیموں کو الرٹ کر دیا ہے جبکہ ہسپتالوں کو ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایات بھی جاری کر دی گئی ہیں۔

محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بھی بارشوں کے جاری رہنے کا عندیہ دیا ہے، جس سے شہریوں کو مزید احتیاط برتنے کی ضرورت ہے۔