پری مون سون بارشیں، پی ڈی ایم اے کی پیشگوئی
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب نے اس حوالے سے باضابطہ پیشگوئی جاری کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب /فائل فوٹو
لاہور: (سنو نیوز) پنجاب میں پری مون سون بارشوں کا سلسلہ 31 مئی تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب نے اس حوالے سے باضابطہ پیشگوئی جاری کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

پی ڈی ایم اے کے ترجمان نے بتایا کہ گزشتہ تین روز کے دوران ہونے والی شدید آندھی، بارش، ژالہ باری اور آسمانی بجلی گرنے کے نتیجے میں مختلف حادثات پیش آئے ہیں جن کے باعث جانی نقصان بھی ہوا ہے۔ ترجمان کے مطابق تین دنوں میں مجموعی طور پر 3 شہری جاں بحق اور 25 افراد زخمی ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں: دریاؤں میں پانی کی موجودہ صورتحال سامنے آگئی

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ میانوالی اور اٹک کے علاقوں میں آسمانی بجلی گرنے سے دو شہری اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے، جب کہ ملتان میں ایک بوسیدہ عمارت گرنے سے ایک اور شہری جاں بحق ہو گیا۔ زخمی افراد کو مختلف اسپتالوں میں طبی امداد دی جا رہی ہے۔

ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے، عرفان علی کاٹھیا نے متعلقہ حکام کو زخمیوں کو فوری اور بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے احکامات کے مطابق جاں بحق افراد کے لواحقین کو حکومت کی پالیسی کے تحت مالی امداد فراہم کی جائے گی اور شہریوں کے نقصانات کا بھی ازالہ کیا جائے گا۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ موسم کی موجودہ صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں، خاص طور پر آندھی اور طوفان کے دوران۔ انہوں نے کہا کہ آسمانی بجلی کی گرج چمک کے دوران کھلی جگہوں سے دور رہیں اور محفوظ مقامات پر پناہ لیں۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق لاہور، فیصل آباد، راولپنڈی، سرگودھا، بہاولپور، ڈیرہ غازی خان اور ملتان سمیت کئی اضلاع میں بارش اور آندھی کا امکان ہے۔ شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ موسمی ایڈوائزری پر عمل کریں اور اپنی حفاظت کو اولین ترجیح دیں۔