دریاؤں میں پانی کی موجودہ صورتحال سامنے آگئی
ملک کے بڑے دریاؤں اور آبی ذخیروں میں پانی کی موجودہ صورتحال سامنے آ گئی
ملک کے بڑے دریاؤں اور آبی ذخیروں میں پانی کی موجودہ صورتحال /فائل فوٹو
لاہور: (سنو نیوز) ملک کے بڑے دریاؤں اور آبی ذخیروں میں پانی کی موجودہ صورتحال سامنے آ گئی۔ واپڈا کے ترجمان نے پانی کی آمد و اخراج کے اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس وقت تربیلا، منگلا اور چشمہ جیسے بڑے ریزروائرز میں پانی کی سطح اور ذخیرے کی حالت تسلی بخش ہے۔

ترجمان واپڈا کے مطابق تربیلا کے مقام پر دریائے سندھ میں پانی کی آمد ایک لاکھ 77 ہزار 500 کیوسک جبکہ اخراج ایک لاکھ 52 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔ یہ سطح معمول کے مطابق سمجھی جا رہی ہے اور تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح آج 1478.03 فٹ تک پہنچ چکی ہے، جب کہ اس وقت وہاں پانی کا ذخیرہ 21 لاکھ 39 ہزار ایکڑ فٹ ہے، جو ملک کی زرعی اور توانائی کی ضروریات کے لیے اہم حیثیت رکھتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: عوام کیلئے 5 لاکھ کمانے کا سنہری موقع، حکومت کا اہم اعلان

دوسری جانب منگلا کے مقام پر دریائے جہلم میں پانی کی آمد 39 ہزار 600 کیوسک جبکہ اخراج 10 ہزار 800 کیوسک بتایا گیا ہے۔ منگلا ریزروائر میں پانی کی سطح 1161.05 فٹ ہے اور یہاں پانی کا موجودہ ذخیرہ 21 لاکھ 68 ہزار ایکڑ فٹ ہے۔ یہ ذخیرہ بھی قومی ضروریات کے پیش نظر خاصی اہمیت رکھتا ہے۔

چشمہ بیراج میں بھی پانی کی صورتحال حوصلہ افزا ہے، جہاں پانی کی آمد 2 لاکھ 28 ہزار 700 کیوسک اور اخراج ایک لاکھ 83 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔ چشمہ ریزروائر میں آج پانی کی سطح 647.20 فٹ ہے، اور اس میں موجود پانی کا ذخیرہ 2 لاکھ 21 ہزار ایکڑ فٹ بتایا گیا ہے۔

ہیڈ مرالہ کے مقام پر دریائے چناب میں پانی کی آمد 44 ہزار 800 کیوسک جبکہ اخراج 17 ہزار 100 کیوسک ہے۔ دریائے کابل کے نوشہرہ مقام پر پانی کی آمد اور اخراج دونوں 37 ہزار 100 کیوسک کے برابر ہیں، جو ظاہر کرتا ہے کہ وہاں پانی کی روانی متوازن ہے۔

ترجمان واپڈا کے مطابق، اس وقت تربیلا، منگلا اور چشمہ کے ریزروائرز میں مجموعی طور پر قابل استعمال پانی کا ذخیرہ 45 لاکھ 28 ہزار ایکڑ فٹ ہے، جو ملک میں جاری زرعی سیزن کے لیے ایک مثبت اشارہ ہے اور مستقبل قریب میں بجلی پیداوار اور آبپاشی کے منصوبوں میں معاون ثابت ہو سکتا ہے۔