جسٹس منیب اختر نے چیف جسٹس پاکستان کا حلف اٹھالیا
سپریم کورٹ آف پاکستان کے سینئر جج جسٹس منیب اختر نے قائم مقام چیف جسٹس آف پاکستان کے عہدے کا حلف اٹھا لیا
سپریم کورٹ آف پاکستان کے سینئر جج جسٹس منیب اختر نے قائم مقام چیف جسٹس آف پاکستان کے عہدے کا حلف اٹھایا/ فائل فوٹو
(سنو نیوز) سپریم کورٹ آف پاکستان کے سینئر جج جسٹس منیب اختر نے قائم مقام چیف جسٹس آف پاکستان کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ یہ حلف اس وقت اٹھایا گیا جب چیف جسٹس یحییٰ آفریدی حج کی ادائیگی کے لیے بیرون ملک چلے گئے۔

تفصیلات کے مطابق جسٹس جمال خان مندوخیل نے جسٹس منیب اختر سے بطور قائم مقام چیف جسٹس پاکستان حلف لیا۔ حلف برداری کی یہ سادہ مگر پُروقار تقریب سپریم کورٹ میں منعقد ہوئی، جس میں عدالت عظمیٰ کے دیگر ججز، سینئر وکلاء اور عدالتی عملے کے افراد نے شرکت کی۔ جسٹس منیب اختر اب 6 جون 2025 تک قائم مقام چیف جسٹس پاکستان کے فرائض انجام دیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: 9 مئی مقدمہ میں پی ٹی آئی ایم این اے کو 10 سال قید کی سزا

ذرائع کے مطابق چیف جسٹس یحییٰ آفریدی آج صبح حج پر روانہ ہوئے ہیں۔ وہ عیدالاضحیٰ کے بعد، چوتھے روز وطن واپس آئیں گے۔ اس دوران سپریم کورٹ کے امور کی نگرانی اور اہم مقدمات کی سماعت کا سلسلہ جسٹس منیب اختر کی سربراہی میں جاری رہے گا۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ سپریم کورٹ کے سینیئر ترین جج جسٹس منصور علی شاہ اس وقت بیرون ملک موجود ہیں، اس لیے سینیارٹی میں تیسرے نمبر پر موجود جسٹس منیب اختر کو بطور قائم مقام چیف جسٹس پاکستان ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔

جسٹس منیب اختر ایک تجربہ کار اور باوقار جج سمجھے جاتے ہیں۔ وہ آئینی و قانونی معاملات پر گہری دسترس رکھتے ہیں اور ان کے فیصلوں کو عدالتی حلقوں میں خاصی اہمیت دی جاتی ہے۔