9 مئی مقدمہ میں پی ٹی آئی ایم این اے کو 10 سال قید کی سزا
انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ایم این اے عبد الطیف اور سابق ایم پی اے وزیر زادہ کیلاشی سمیت 11 ملزمان کو 9 مئی کے مقدمہ میں سزا سنا دی
انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد کے جج طاہر عباس سپرا نے 9 مئی تھانہ رمنا پر حملہ کیس کا فیصلہ سنایا/ فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ایم این اے عبد الطیف اور سابق ایم پی اے وزیر زادہ کیلاشی سمیت 11 ملزمان کو 9 مئی کے مقدمہ میں سزا سنا دی۔

انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد کے جج طاہر عباس سپرا نے پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنان کیخلاف 9 مئی تھانہ رمنا پر حملہ کیس کا فیصلہ سنایا۔ پی ٹی آئی ایم این اے عبدلطیف اور سابق ایم پی اے وزیر زادہ کیلاشی سمیت 11 ملزمان کو 9 مئی کے مقدمہ میں سزا سنائی گئی۔

پولیس نے فیصلے کے بعد عدالت میں موجود چار ملزمان محمد اکرم ، میرا خان، شاہ زیب ، سہیل خان کو تحویل میں لے لیا۔ عدالت نے غیر حاضر ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔ ملزمان کو مجموئی طور پر 15 سال 4 ماہ قید اور جرمانہ کی سزا سنائی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: علیمہ اور عظمی خان کی عبوری ضمانت میں 13 جون تک توسیع

عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ ملزمان نے تھانہ رمنا پر حملہ کیا اور فائرنگ کی اور پتھراؤ کیا، پولیس والوں کو مارنے کی کوشش کی، ملزمان نے اپنے مقاصد کیلئے موٹر سائیکلوں کو آگ لگائی، ملزمان کے خلاف 24 گواہان نے اپنی شہادتیں قلمبند کروائیں، ملزمان کی مجسٹریٹ صاحبان کے سامنے شناخت پریڈ کی گئی۔

جج طاہر عباس سپرا نے فیصلے میں لکھا کہ اسلام آباد کے تھانوں پر حملہ ہوتا ہے تو ملک میں کوئی جگہ رہنے کے قابل نہیں رہے گی، پولیس پر قاتلانہ حملہ پر ملزمان کو 5 سال سزا 50 ہزار جرمانہ کی سزا سنائی جاتی ہے۔ موٹر سائیکل جلانے پر 4 سال قید 40 ہزار جرمانے کی سزا سنائی جاتی ہے۔

فیصلے میں کہا گیا کہ تھانہ جلانے کے جرم میں 4 سال قید اور 40 ہزار جرمانہ کی سزا سنائی جاتی ہے۔ پولیس کے کام میں مداخلت پر 3 ماہ قید کی سزا سنائی جاتی ہے۔ دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر ایک ماہ کی سزا سنائی جاتی ہے۔ مجمع بنا کر جرم کرنے پر 2 سال کی سزا سنائی جاتی ہے۔ دہشت گردی کی دفعات پر 10 سال سزا اور 2 لاکھ جرمانہ کی سزا سنائی جاتی ہے۔