
گزشتہ روز قومی کرکٹر حسن علی کی والدہ بازار جانے کے لیے سڑک پر اپنے دوسرے بیٹے خرم علی کا انتظار کررہی تھیں کہ اسی اثناء میں ڈاکو ان سے پر س چھین کر فرار ہو گیا جس میں مبلغ 2 لاکھ 30 ہزار روپے کیش موجود تھا۔
سینٹرل پولیس آفیسر (سی پی او) گوجرانوالہ کے مطابق پولیس نے ملزم کو24 گھنٹوں کے اندر گرفتارکرلیا ،لدھیوالہ وڑائچ پولیس نے ملزم سے چھینا گیا مال بھی برآمد کر لیا،ملزم کی شناخت ابراہیم عرف علی قوم پٹھان سکنہ موہنی روڈ داتا دربار لاہور سے ہوئی۔
پولیس کے مطابق ملزم اپنے رشتہ دار علی کے گھر قذافی روڈ بطور مہمان آیا ہوا تھا، پولیس ٹیم نے جدید سائنٹفک طریقہ کار اور سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے ملزم کو ٹریس کیا۔
یہ بھی پڑھیں: حسن علی کی والدہ کیساتھ ڈکیتی کی واردات، ڈاکو 2 لاکھ سے زائد رقم چھین کر فرار
سی پی او محمد ایاز سلیم کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ مجرم چاہے جتنا بھی شاطر ہو، قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتا،گرفتار ملزم سے تفتیش جاری ہے، ملزم کو عدالت سے سخت ترین سزا دلوائی جائے گی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز پولیس نے واقعہ کی اطلاع ملنے کے فوری بعد ملزم کی تلاش شروع کردی تھی، ملزم کی گرفتاری کے لیے علاقہ بھر میں ناکہ بندی بھی کر دی گئی تھی جبکہ سی پی او گوجرانوالہ نے ملزم کی جلد گرفتاری کی یقین دہانی کرائی تھی۔