
ذرائع کے مطابق اسٹریٹجک بٹ کوائن ریزرو کا اعلان وزیراعظم کے خصوصی معاون برائے بلاک چین، کرپٹو اور پاکستان کرپٹو کونسل (پی سی سی) کے سی ای او بلال بن ثاقب نے کیا۔ یہ اعلان بٹ کوائن ویگاس 2025 کے دوران کیا گیا۔ پاکستان کرپٹو کونسل (پی سی سی) کے سی ای او بلال بن ثاقب نے ڈونلڈ ٹرمپ کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔
یہ بھی پڑھیں: اب کرپٹو سے فضائی ٹکٹوں کی خریداری ممکن
بلال بن ثاقب نے ڈونلڈ ٹرمپ کا حالیہ بھارت پاکستان کشیدگی میں امن قائم کرنے اور کرپٹو اپنانے کے لیے امریکی صدر کی خدمات کو سراہا۔ تقریب کے دوران امریکہ کے نائب صدر جے ڈی وینس، ایرک ٹرمپ اور ڈونلڈ ٹرمپ جونئر بھی شامل تھے۔ پاکستان میں 40 ملین کرپٹو والٹس موجود ہیں اور یہ دنیا کی سب سے بڑی اور سب سے زیادہ فعال فری لانس معیشتوں میں سے ایک ہے۔
ذرائع کے مطابق تقریب سے خطاب میں بلال بن ثاقب نے ایک قومی بٹ کوائن والٹ کے قیام کا بھی اعلان کیا۔ قومی بٹ کوائن والٹ ایسے ڈیجیٹل اثاثے رکھے گا جو پہلے ہی ریاست کی تحویل میں ہیں۔ حکومت نے پہلے مرحلے میں بٹ کوائن مائننگ اور اے آئی ڈیٹا سینٹرز کے لیے 2,000 میگاواٹ زائد بجلی مختص کی ہے۔
یہ بٹ کوائن مائننگ اور اے آئی ڈیٹا سینٹرز خود مختار مائنرز، ٹیک کمپنیوں اور بین الاقوامی بلاک چین فرمز کے لیے دروازے کھول رہا ہے۔ پاکستان ڈیجیٹل اثاثہ جات اتھارٹی کے قیام کا بھی اعلان کیا گیا تاکہ بلاک چین پر مبنی مالیاتی ڈھانچے کو ریگولیٹ کیا جا سکے۔