اب کرپٹو سے فضائی ٹکٹوں کی خریداری ممکن
معروف فضائی کمپنی ایئر عربیہ نے ڈیجیٹل معیشت کی جانب ایک اور اہم قدم اٹھاتے ہوئے اے ای کوائن کے ذریعے فضائی ٹکٹوں کی ادائیگی کی سہولت متعارف کرا دی
ایئر عربیہ نے ڈیجیٹل معیشت کی جانب ایک اور اہم قدم اٹھاتے ہوئے اے ای کوائن کے ذریعے فضائی ٹکٹوں کی ادائیگی کی سہولت متعارف کرائی ہے/ فائل فوٹو
(ویب ڈیسک) متحدہ عرب امارات کی مشہور و معروف فضائی کمپنی ایئر عربیہ (Air Arabia) نے ڈیجیٹل معیشت کی جانب ایک اور اہم قدم اٹھاتے ہوئے اے ای کوائن (AE Coin) کے ذریعے فضائی ٹکٹوں کی ادائیگی کی سہولت متعارف کرا دی ہے۔

ایئر عربیہ نے اس مقصد کے لیے المریہ کمیونٹی بینک (Al Maryah Community Bank) کے ساتھ شراکت داری کی ہے، جس کے تحت صارفین اے ای سی والٹ (AEC Wallet) موبائل ایپ کے ذریعے فضائی ٹکٹ خرید سکیں گے۔ اس ڈیجیٹل والٹ کے ذریعے صارفین اپنے اے ای کوائن استعمال کر کے فوری اور کم لاگت پر لین دین کر سکیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: عالمی و ملکی صرافہ بازاروں میں سونا ہزاروں روپے سستا

اے ای کوائن دراصل ایک اسٹیبل کوائن ہے جو اماراتی درہم (UAE Dirham) کے ساتھ 1:1 کے تناسب پر منسلک ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ ایک اے ای کوائن کی قیمت ایک درہم کے برابر ہے، جس سے قیمتوں میں استحکام، شفافیت، اور مالیاتی تحفظ یقینی بنایا گیا ہے۔

ایئر عربیہ کے گروپ سی ای او عدیل العلی (Adel Al Ali) نے اس حوالے سے کہا کہ "ہم اپنے صارفین کو جدید ترین مالیاتی سہولیات فراہم کرنے کے لیے مسلسل کوشاں ہیں، اور اے ای کوائن کے ذریعے ادائیگی کی سہولت اسی وژن کا حصہ ہے۔ اس کے ذریعے صارفین تیز، محفوظ اور شفاف طریقے سے ٹکٹ خرید سکتے ہیں۔"

یہ اقدام متحدہ عرب امارات کے مرکزی بینک کی جانب سے درہم اسٹیبل کوائن کو قانونی حیثیت دینے کے بعد سامنے آیا ہے۔ اس فیصلے نے پورے ملک میں ڈیجیٹل مالیاتی نظام کو تقویت دی ہے اور مختلف اداروں کو بلاک چین اور ڈیجیٹل کرنسیوں کو اپنانے پر آمادہ کیا ہے۔