نادرا کا شہریوں کی سہولت کیلئے انقلابی قدم
نادرا (نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی) نے شہریوں کی سہولت کے لیے ایک انقلابی قدم اٹھاتے ہوئے "پاک آئی ڈی" کے نام سے ایک نئی موبائل ایپ متعارف کرا دی
نادرا (نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی) نے شہریوں کی سہولت کے لیے پاک آئی ڈی کے نام سے ایک نئی موبائل ایپ متعارف کرائی/ فائل فوٹو
اس ایپ کے ذریعے اب پاکستان کے شہری گھر بیٹھے شناختی دستاویزات سے متعلق متعدد سروسز تک آسانی سے رسائی حاصل کر سکیں گے۔

(ویب ڈیسک) نادرا (نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی) نے شہریوں کی سہولت کے لیے ایک انقلابی قدم اٹھاتے ہوئے "پاک آئی ڈی" کے نام سے ایک نئی موبائل ایپ متعارف کرا دی ہے، جو عملی طور پر ہر شہری کے موبائل فون کو نادرا کے آن لائن دفتر میں تبدیل کر دیتی ہے۔

پاک آئی ڈی ایپ کے ذریعے شہری شناختی کارڈ کی تجدید، ترمیم یا ری پرنٹ جیسی خدمات حاصل کر سکتے ہیں، جس کے لیے پہلے نادرا دفاتر کے طویل چکر کاٹنے پڑتے تھے۔ اس کے ساتھ ساتھ نائیکوپ (NICOP)، پاکستان اوریجن کارڈ (POC)، بچوں کا ب فارم، برتھ سرٹیفکیٹ، فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ اور دیگر اہم دستاویزات کی درخواستیں بھی اب اس ایپ کے ذریعے دی جا سکتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: عوام کو مہنگائی کا ایک اور جھٹکا دینے کی تیاری، پٹرولیم لیوی میں اضافہ متوقع

نادرا کی اس ایپ کا سب سے نمایاں پہلو یہ ہے کہ اس میں شہریوں کی شناخت اور دستاویزات کی تصدیق کے تمام مراحل بشمول تصویر کھنچوانا، بائیو میٹرک تصدیق، دستخط، اور دیگر قانونی تقاضے موبائل پر ہی مکمل کیے جا سکتے ہیں۔ یہ سہولت خاص طور پر اُن افراد کے لیے انتہائی مفید ہے جو دور دراز علاقوں میں رہتے ہیں یا وقت کی کمی کے باعث نادرا دفاتر نہیں جا سکتے۔

ایپ کے ذریعے ڈیتھ سرٹیفکیٹ اور جانشینی سرٹیفکیٹ کے حصول کے لیے بھی درخواست دی جا سکتی ہے، جس میں قانونی ورثاء کی بائیومیٹرک تصدیق کا عمل بھی شامل ہے۔ یہ سہولت عدالتوں اور دیگر سرکاری اداروں کے عمل کو بھی سہل بنائے گی اور عوام کے لیے وقت اور اخراجات کی بچت کا ذریعہ بنے گی۔

نادرا کی یہ جدید اقدام ڈیجیٹل پاکستان کے ویژن کی عملی شکل ہے، جو عوامی سہولت اور حکومتی خدمات کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنے کی ایک عمدہ مثال ہے۔ اس اقدام سے نہ صرف شہریوں کی زندگی آسان ہوگی بلکہ نادرا دفاتر پر بوجھ میں بھی واضح کمی آئے گی۔ عوامی حلقوں اور ماہرین نے اس ایپ کو ایک بڑا ریلیف قرار دیا ہے۔