عوام کو مہنگائی کا ایک اور جھٹکا دینے کی تیاری، پٹرولیم لیوی میں اضافہ متوقع
Petroleum levy increase Pakistan
فائیل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) حکومت نے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں عوام پر مہنگائی کا ایک اور بوجھ ڈالنے کی تیاری کر لی، آئندہ برس پٹرولیم لیوی میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔

ذرائع کے مطابق یہ اقدام انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ( آئی ایم ایف) سے کیے گئے وعدوں کی تکمیل کیلئے کیا جا رہا ہے۔

آئندہ مالی سال کے لیے حکومت نے پیٹرولیم لیوی کی مد میں ایک ہزار  311 ارب روپے کی وصولی کا ہدف مقرر کیا ہے، جو رواں مالی سال کے مقررہ ہدف ایک ہزار  117 ارب روپے سے 194 ارب روپے زیادہ ہے۔ 
یہ اضافہ نہ صرف ملکی تاریخ کا سب سے بلند ہدف ہے بلکہ اس سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھی واضح اضافہ متوقع ہے، جس کا براہِ راست اثر عوام پر پڑے گا۔
یاد رہے کہ رواں مالی سال  کے دوران  جولائی سے مارچ تک  حکومت پٹرولیم لیوی کی مد میں حکومت 833 ارب سے زائد   رقم وصول کر چکی ہے، گزشتہ مالی سال 24-2023 میں یہ مجموعی رقم ایک ہزار 19 ارب روپے رہی جبکہ مالی سال 23-2022میں محض 580 ارب روپے اکٹھے کیے گئے تھے۔ 
اس  تناسب سے  پٹرولیم لیوی کی مد میں حکومت کی آمدن میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، تاہم اس کا بوجھ عوام کو مہنگائی کی صورت میں اٹھانا پڑ رہا ہے۔
اس وقت بھی پاکستان میں پٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل پر لیوی ریکارڈ سطح پر ہے،  عوام فی لٹر پٹرول پر 78.02 روپے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل پر 77.01 روپے لیوی ادا کر رہے ہیں، نئے اضافے کی صورت میں  روزمرہ اشیائے ضروریہ مزید مہنگی ہو جائیں گی اور متوسط طبقے پر دباؤ میں شدید اضافہ ہوگا۔