مریم نواز کے صاحبزادے جنید کا دوبارہ رشتہ طے
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کے صاحبزادے جنید صفدر کا رشتہ دوبارہ طے پا گیا
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے صاحبزادے جنید صفدر کا رشتہ نواز شریف کے قریبی رشتہ داروں میں طے پایا ہے/ فائل فوٹو
(ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کے صاحبزادے جنید صفدر کا رشتہ دوبارہ طے پا گیا، اس بار ان کا رشتہ سابق وزیراعظم نواز شریف کے قریبی رشتہ داروں میں سے ایک خاندان میں طے پایا ہے۔

بتایا جا رہا ہے کہ جس فیملی سے رشتہ طے ہوا ہے وہ لاہور میں مقیم ہے۔ جنید صفدر اور اس خاندان کے درمیان رشتے کی بات چیت تقریباً ایک ماہ قبل شروع ہوئی تھی، جو اب باقاعدہ طور پر طے پا چکی ہے۔ جنید صفدر کی دوبارہ منگنی کی خبر نے سیاسی اور سماجی حلقوں میں دلچسپی کو جنم دیا ہے، کیونکہ وہ پاکستان کی ایک نمایاں سیاسی شخصیت کے نواسے اور بیٹے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ٹائپ ون ذیابیطس کے شکار کمسن بچوں کیلئے سی ایم انسولین پروگرام کا آغاز

یاد رہے کہ اس سے قبل جنید صفدر کی شادی ستمبر 2021 میں عائشہ سیف الرحمان سے ہوئی تھی، جو کہ سابق چیئرمین نیب سیف الرحمان کی صاحبزادی ہیں۔ ان کی شادی کی تقریب لندن میں شاندار انداز میں منعقد ہوئی تھی اور اس میں شریف خاندان سمیت متعدد اہم سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی تھی۔ تاہم یہ شادی زیادہ عرصہ برقرار نہ رہ سکی اور اکتوبر 2023 میں جنید صفدر نے سوشل میڈیا پر تصدیق کی تھی کہ ان کی اور عائشہ سیف کی راہیں جدا ہو چکی ہیں۔

جنید صفدر نے برطانیہ کی معروف تعلیمی اداروں سے اعلیٰ تعلیم حاصل کی ہے اور وہ اب لاہور میں مقیم ہیں۔ ان کا شمار ان نوجوانوں میں ہوتا ہے جو تعلیم یافتہ ہونے کے ساتھ ساتھ سیاسی بیک گراؤنڈ رکھتے ہیں، اور ان کے مستقبل میں سیاست میں سرگرم کردار ادا کرنے کی توقع کی جا رہی ہے۔

جنید کی دوسری بار رشتہ طے ہونے کی خبر نے عوامی سطح پر خاصی توجہ حاصل کی ہے اور سوشل میڈیا پر بھی اس حوالے سے تبصرے جاری ہیں۔ ابھی تک نکاح یا رخصتی کی تاریخ کے حوالے سے کوئی سرکاری اعلان نہیں کیا گیا، لیکن قوی امکان ہے کہ آئندہ دنوں میں مزید تفصیلات سامنے آئیں گی۔