ٹائپ ون ذیابیطس کے شکار کمسن بچوں کیلئے سی ایم انسولین پروگرام کا آغاز
 پنجاب میں ٹائپ ون ذیابیطس کے شکارکمسن بچوں کے لئے ”سی ایم انسولین پروگرام برائے ذیابیطس“کا آغاز کردیا گیا۔
فوٹو بشکریہ سی ایم میڈیا سیل
لاہور: (سنو نیوز) پنجاب میں ٹائپ ون ذیابیطس کے شکارکمسن بچوں کے لئے ”سی ایم انسولین پروگرام برائے ذیابیطس“کا آغاز کردیا گیا۔

وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے ”سی ایم انسولین کارڈ“ پروگرام لانچ کر دیا ، وزیراعلیٰ مریم نواز رائیڈر کے ہمراہ انسولین کارڈ لے کرکمسن بچوں کے گھروں میں خودپہنچ گئیں۔

مریم نواز نے سبزہ زار کیو بلاک کے واسع عدنان کو گھرجاکر انسولین کارڈ دیا،وزیر اعلیٰ نے زینب وحید اور زین شہزاد کو ”سی ایم انسولین کارڈ“ دیا، مریم نواز شریف نے واسع، زینب اور زین کو انسولین،گلوکو میٹر،بی ایس آر سٹرپس اور نیڈل کا باکس بھی دیا۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی آمد پر چھتوں اور گلیوں کے اطراف میں عوام کا ہجوم آمڈ آیا،بچیوں نے وزیر اعلیٰ پر پھول نچھاور کیے اور ان کا خیر مقدم کیا، مریم نواز نے بچیوں کی درخواست پر ان کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز کا کہنا تھا کہ ذیابیطس میں مبتلا بچوں کی تکلیف اور پریشانی سمجھ سکتی ہوں،کمسن بچوں کے لئے فری انسولین پروگرام ایک ماں بن کر شروع کیا، دوا یا انسولین خریدنے کی سکت نہ رکھنے والے بچوں تک حکومت خود پہنچے گی۔

انہوں نے کہا کہ بچوں کی صحت میرے لئے سب سے زیادہ اہم ہے، پہلی مرتبہ بچوں کو انسولین کے ساتھ گلو کو میٹر اور ٹیسٹ سٹرپس بھی دے رہے ہیں، بچے قوم کا مستقبل ہیں ان کے لئے سارے وسائل حاضر ہیں۔

پروگرام کے تحت پہلے مرحلے میں 1500بچوں کو گھر کی تک دہلیزپر انسولین فراہم کی جائیگی، پاکستان پوسٹ کے رائیڈر خصوصی ایپ پرانسولین کارڈ سکین کرکے تصدیق کریں گے،سی ایم انسولین کارڈ کی سکیننگ کے بعد مریض کو انسولین ملے گی۔

ٹائپ ون ذیابیطس بچوں کے لئے تین ماہ کے لئے درکار انسولین پیکیج دیا گیا ہے، صرف سہ ماہی چیک اپ کے لئے ہی ہسپتال جانا پڑے گا، پاکستان پوسٹ کے رائیڈرز کولڈ چین سسٹم کے تحت مریض کے گھر جاکر انسولین ڈیلیور کریں گے۔

ٹائپ ون ذیابیطس میں مبتلا بچے این سی ڈی کلینک، مریم نوازہیلتھ کلینک یا ہیلتھ لائن ایپ 1033پر رجسٹریشن کراسکتے ہیں، ٹائپ ون ذیابیطس میں مبتلا بچوں کے لئے ڈسٹرکٹ یاتحصیل ہیڈکوارٹر میں سہ ماہی فالو اپ چیک اپ لازمی قرار دیا گیا ہے۔