
تفصیلات کے مطابق کلاؤڈ برسٹ کے بعد اچانک شدید بارش اور سیلابی پانی کے ریلوں نے نشیبی علاقوں کو لپیٹ میں لے لیا۔ مقامی آبادی کے مطابق پانی کا بہاؤ اتنا تیز تھا کہ مکانوں کی دیواریں زمین بوس ہو گئیں اور مسجد کی چھت کا ایک حصہ بھی گر گیا۔ لوگوں نے اپنی جانیں بچانے کے لیے گھروں سے بھاگ کر محفوظ مقامات کی طرف پناہ لی۔
یہ بھی پڑھیں: آندھی، گرد آلود ہوائیں اور بارشوں کی پیشگوئی، پی ڈی ایم اے کا الرٹ
ریسکیو ٹیموں اور مقامی افراد نے فوری امدادی کارروائیاں شروع کر دیں اور ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کی کوشش کی۔ ایک خاتون کی لاش ملبے سے نکالی گئی جبکہ متعدد افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں فوری طور پر نزدیکی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق کلاؤڈ برسٹ کا اثر صرف مظفر آباد تک محدود نہیں رہا، بلکہ آزاد کشمیر کے دیگر پہاڑی علاقوں، خیبرپختونخوا، اسلام آباد اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ شدید بارشوں کا آغاز ہو چکا ہے۔ ان بارشوں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
محکمہ موسمیات نے پہلے ہی خبردار کیا تھا کہ آنے والے دنوں میں شدید بارشیں اور کلاؤڈ برسٹ جیسے موسمیاتی مظاہر ممکن ہیں، خاص طور پر پہاڑی علاقوں میں۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور نشیبی یا خطرناک علاقوں کا رخ نہ کریں۔