
ترجمان پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، منڈی بہاؤالدین، گجرات، جہلم اور گوجرانوالہ میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ اسی طرح قصور، سیالکوٹ، نارووال، اوکاڑہ، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، خوشاب، سرگودھا اور میانوالی میں بھی بارش ہونے کے امکانات ہیں۔
مزید یہ کہ جنوبی پنجاب کے علاقوں ملتان، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور اور بہاولنگر میں 27 سے 30 مئی تک بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ پی ڈی ایم اے نے وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر تمام ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: قرآن کریم میں بیان کردہ قومِ عاد کا تباہ شدہ شہر دریافت
ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب، عرفان علی کاٹھیا نے بیان میں کہا ہے کہ ان بارشوں کے نتیجے میں گرمی اور ہیٹ ویو کی شدت میں کمی آئے گی۔ انہوں نے سکول ایجوکیشن، محکمہ صحت، آبپاشی، تعمیر و مواصلات، لوکل گورنمنٹ اور لائیوسٹاک سمیت تمام متعلقہ اداروں کو بھی الرٹ جاری کرنے کی تصدیق کی ہے۔
شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ خراب موسم کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور آندھی و طوفان کی صورت میں محفوظ مقامات پر رہیں۔ بجلی کی گرج چمک کے دوران کھلے آسمان تلے نہ جانے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔
دوسری جانب خیبرپختونخوا میں بھی پی ڈی ایم اے نے شدید موسمی حالات کی پیشگوئی کی ہے۔ چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، مالاکنڈ، بونیر، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، کرم، وزیرستان، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، صوابی، بنوں، کرک اور کوہاٹ کے اضلاع میں بھی بارشیں متوقع ہیں۔ ان بارشوں کا سلسلہ 27 سے 31 مئی تک وقفے وقفے سے جاری رہے گا۔
پی ڈی ایم اے خیبرپختونخوا نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت دی ہے کہ وہ چھوٹی بڑی مشینری کی دستیابی یقینی بنائیں اور عوام کو بوسیدہ عمارتوں، بجلی کی تاروں، سائن بورڈز اور بل بورڈز سے دور رہنے کی تلقین کریں۔ کسان حضرات سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنی زرعی سرگرمیاں موسم کی پیشگوئی کو مدنظر رکھتے ہوئے ترتیب دیں۔