زبان سے ٹیسٹ کا معاملہ، ڈاکٹر نے اہم انکشافات کر دیئے
میاں چنوں کے معروف ڈاکٹر رفیق گجر پہلی بار منظر عام پر آگئے اور ایک نجی انٹرویو میں زبان سے ٹیسٹ کے معاملے پر خاموشی توڑتے ہوئے کئی اہم انکشافات کر دیئے
ڈاکٹر رفیق گجر نے واضح کیا کہ نہ تو انہوں نے کسی لڑکی کی زبان سے زبان لگائی اور نہ ہی میڈیکل سائنس میں ایسا کوئی ٹیسٹ موجود ہے/ فائل فوٹو
(ویب ڈیسک) میاں چنوں کے معروف ڈاکٹر رفیق گجر پہلی بار منظر عام پر آگئے اور ایک نجی انٹرویو میں زبان سے ٹیسٹ کے معاملے پر خاموشی توڑتے ہوئے کئی اہم انکشافات کر دیئے۔

ڈاکٹر رفیق گجر نے واضح کیا کہ نہ تو انہوں نے کسی لڑکی کی زبان سے زبان لگائی اور نہ ہی میڈیکل سائنس میں ایسا کوئی ٹیسٹ موجود ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ سب کہانی بے بنیاد ہے اور ان پر محض بہتان لگایا جا رہا ہے۔ "میں اس لیے خاموش رہا کہ معاملہ زیادہ نہ بڑھے، لیکن اب وقت آ گیا ہے کہ سچ عوام کے سامنے لایا جائے۔"

ان کا کہنا ہے کہ اُن پر جو الزامات لگائے جا رہے ہیں وہ سراسر جھوٹ پر مبنی ہیں اور اس تمام تنازعے کے پیچھے اصل مقصد اُن کی کروڑوں روپے مالیت کی جائیداد ہتھیانا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ انہیں کئی دنوں سے سنگین دھمکیاں دی جا رہی تھیں، جن میں واضح طور پر کہا گیا تھا کہ ’’ڈاکٹر کو ایسی جگہ ماریں گے کہ پتا بھی نہیں چلے گا۔‘‘ ڈاکٹر رفیق نے کہا کہ وہ اب کسی صلح صفائی کے موڈ میں نہیں، بلکہ چاہتے ہیں کہ اس معاملے کا فیصلہ انصاف کے مطابق ہو اور اصل حقائق سامنے آئیں۔

یہ بھی پڑھیں: دریائے چناب میں پانی کی آمد میں غیر معمولی اضافہ، الرٹ جاری

اپنی جائیداد سے متعلق انہوں نے بتایا کہ اُن کا مین روڈ پر واقع ایک 10 کروڑ روپے مالیت کا پلاٹ ہے، جس کی رجسٹری اور انتقال ان کے پاس ہے۔ لیکن اس پر قبضے کی سازش کی گئی اور اُن کے خلاف یکطرفہ کیس چلایا گیا۔ بعد ازاں بیلف کے ذریعے اس پلاٹ پر قبضہ کرنے کی کوشش کی گئی، تاہم عدالت میں کیس دائر کرنے کے بعد وہ دوبارہ اس پلاٹ کا قبضہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے۔

ڈاکٹر رفیق گجر نے کہا کہ وہ اب یہ معاملہ منطقی انجام تک پہنچائیں گے تاکہ نہ صرف ان کی عزت بحال ہو بلکہ جائیداد پر نظریں رکھنے والوں کو بھی قانون کے مطابق سزا ملے۔ انہوں نے عدلیہ اور حکام بالا سے انصاف کی اپیل کی ہے۔