
مرکزی سیکریٹری اطلاعات پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) شیخ وقاص اکرم نے ٹی وی پروگرام میں بات کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی احتجاج کیلئے تیار ہے، ہم نے تاریخ کی سب سے بڑی موبیلائزیشن کی ہے، بانی پی ٹی آئی نے کہہ دیا کہ ابھی اسلام آباد نہیں جائیں گے۔
شیخ وقاص اکرم نے اپنی گفتگو میں کہا کہ عمران خان کسی بھی وقت ملک گیر احتجاج کی کال دے سکتے ہیں۔ احتجاج روکنے والے ہی انتشار کا سبب بنتے ہیں، ہمیں یہ سوٹ نہیں کرتا، چھبیسویں ترمیم کے بعد سے عدالتوں کے تیور اور نتائج تبدیل ہو چکے ہیں۔ انہوں نے پیپلز پارٹی کی سیاست کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی ہر جگہ ظلم والا ڈراما کرتی ہے، یہ ایسے نہیں چل سکتا۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان کی ضمانتوں کی سماعت، جسٹس شہباز رضوی کو ملتان بینچ بھجوا دیا گیا
دوسری جانب پولی گرافک ٹیسٹ سے پہلے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی 9 مئی کے آٹھ مقدمات میں درخواست ضمانت پر فیصلہ سنایا جاسکتا ہے یا نہیں، لاہور ہائیکورٹ کے دورکنی بینچ نے ضمانتوں پر سماعت کے لیے فیصلہ محفوظ کر لیا۔ جسٹس شہباز علی رضوی اور جسٹس طارق محمود باجوہ پر مشتمل دو رکنی بینچ نے درخواستوں پر سماعت کی۔
تحریک انصاف کی قیادت بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس میں سزا معطلی کی درخواستیں سماعت کیلئے مقرر کرانے اور عدلیہ سے اظہار یکجہتی کیلئے ایک بار پھر اسلام آباد ہائیکورٹ پہنچ گئی، قائم چیف جسٹس آفس نے درخواستیں سماعت کیلئے مقرر کرنے کی یقین دہانی کرا دی۔
گزشتہ روز چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان، بانی پی ٹی آئی کی بہنیں علیمہ خان اور ڈاکٹر عظمیٰ، وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین ، علی محمد ، نادیہ خٹک، لطیف کھوسہ، نیاز اللہ خان نیازی اور دیگر اسلام آبادہائیکورٹ پہنچ گئے اور چیف جسٹس آفس میں قائم مقام چیف جسٹس کے سیکرٹری سے ملاقات کی۔
بیرسٹر گوہر علی خان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کا کیس کازلسٹ میں شامل کر لیا گیا، بانی پی ٹی آئی کی سزا معطلی کا کیس 5 جون کو سنا جائے گا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس انعام امین منہاس نے بشریٰ بی بی کی جیل میں بہتر سہولیات فراہم کرنے کی درخواست جیل حکام رپورٹ کی روشنی میں نمٹا دی۔