عمران خان کی ضمانتوں کی سماعت، جسٹس شہباز رضوی کو ملتان بینچ بھجوا دیا گیا
عمران خان کی درخواست ضمانتوں کی سماعت کرنے والے جسٹس شہباز رضوی کو ملتان بینچ بھجوا دیا گیا
بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان / فائل فوٹو
(ویب ڈیسک) بانی پاکستان تحریک انصاف (بانی پی ٹی آئی) و سابق وزیراعظم عمران خان کی درخواست ضمانتوں کی سماعت کرنے والے جسٹس شہباز رضوی کو ملتان بینچ بھجوا دیا گیا۔ جسٹس شہباز رضوی کی درخواست پر ان کو ملتان بینچ بھجوایا گیا۔

لاہور ہائیکورٹ کے ججز کا 5 واں ترمیمی ججز روسٹر جاری کر دیا گیا جس کے مطابق بانی پی ٹی آئی کے کیسز کی سماعت کرنے والے دورکنی بینچ کے سربراہ جسٹس شہباز رضوی 29 مئی سے 16 جون تک ملتان بینچ میں کیسز کی سماعت کریں گے۔

جسٹس شہباز رضوی کی والدہ کا چند روز قبل انتقال ہوگیا تھا۔ والدہ کے انتقال کے بعد جسٹس شہباز رضوی کی اپنی آبائی گھر یہ پہلے عید ہوگی۔ ذرائع کے مطابق جسٹس شہباز رضوی کی درخواست پر ان کو ملتان بینچ بھجوایا گیا۔ جسٹس شہباز رضوی کی سربراہی میں یہی دو رکنی بینچ بانی پی ٹی آئی کے کیسز کی سماعت کرے گا۔

یہ بھی پڑھیں: گرمی کی شکایت، عمران خان و اہلیہ کیلئے روم کولر اڈیالہ جیل پہنچا دیئے گئے

دوسری جانب پولی گرافک ٹیسٹ سے پہلے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی 9 مئی کے آٹھ مقدمات میں درخواست ضمانت پر فیصلہ سنایا جاسکتا ہے یا نہیں، لاہور ہائیکورٹ کے دورکنی بینچ نے ضمانتوں پر سماعت کے لیے فیصلہ محفوظ کر لیا۔ جسٹس شہباز علی رضوی اور جسٹس طارق محمود باجوہ پر مشتمل دو رکنی بینچ نے درخواستوں پر سماعت کی۔

تحریک انصاف کی قیادت بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس میں سزا معطلی کی درخواستیں سماعت کیلئے مقرر کرانے اور عدلیہ سے اظہار یکجہتی کیلئے ایک بار پھر اسلام آباد ہائیکورٹ پہنچ گئی، قائم چیف جسٹس آفس نے درخواستیں سماعت کیلئے مقرر کرنے کی یقین دہانی کرا دی۔

گزشتہ روز چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان، بانی پی ٹی آئی کی بہنیں علیمہ خان اور ڈاکٹر عظمیٰ، وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین ، علی محمد ، نادیہ خٹک، لطیف کھوسہ، نیاز اللہ خان نیازی اور دیگر اسلام آبادہائیکورٹ پہنچ گئے اور چیف جسٹس آفس میں قائم مقام چیف جسٹس کے سیکرٹری سے ملاقات کی۔

بیرسٹر گوہر علی خان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کا کیس کازلسٹ میں شامل کر لیا گیا، بانی پی ٹی آئی کی سزا معطلی کا کیس 5 جون کو سنا جائے گا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس انعام امین منہاس نے بشریٰ بی بی کی جیل میں بہتر سہولیات فراہم کرنے کی درخواست جیل حکام رپورٹ کی روشنی میں نمٹا دی۔