گرمی کی شکایت، عمران خان و اہلیہ کیلئے روم کولر اڈیالہ جیل پہنچا دیئے گئے
 بانی پی ٹی آئی و سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے لیےروم کولر اڈیالہ جیل پہنچا دیئے گئے۔
فائل فوٹو
راولپنڈی: (ویب ڈیسک) بانی پی ٹی آئی و سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے لیےروم کولر اڈیالہ جیل پہنچا دیئے گئے۔

جیل ذرائع نے بتایا ہے کہ عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے جیل میں گرمی کی شکایت کی تھی جس پر بشریٰ بی بی کے فوکل پرسن رائے سلمان کھرل نے عمران خان اور سابق خاتون اول کے لیے بڑے سائز کے ایئرکولر اڈیالہ جیل حکام کے حوالے کیے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ گرمی کے پیش نظر عمران خان اور بشریٰ بی بی کو پہلے بھی جیل کمپاؤنڈ میں روم کولر کی سہولت فراہم کی گئی تھی لیکن بانی پی ٹی آئی اور سابق خاتون اول کی جانب سے اس سہولت کو ناکافی قرار دیا گیا تھا۔

ذائع کا کہنا تھا کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کی شکایت پر ان کے اہلخانہ نے دو نئے بڑے سائز کے روم کولر اڈیالہ جیل بھجوائے ہیں جو سابق وزیراعظم اور سابق خاتول اول تک پہنچا دیے جائیں گے۔

علاوہ ازیں دونوں کے اہلخانہ نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کے لیے پھل اور کچھ نئے کپڑے بھی بھجوائے ہیں جو ضروری پراسس کے بعد جیل کےاندر دونوں تک پہنچا دیے جائیں گے۔

یاد رہے کہ آج عمران خان اور ان کی اہلیہ سے اہلخانہ نے ملاقات کی، عمران خان سے ان کی بہنوں عظمیٰ خان اور نورین خان کی ملاقات 40 منٹ تک جاری رہی جس میں بانی کی صحت، زیر سماعت کیسز اور دیگر امور پر گفتگو ہوئی۔