سرکاری ملازمین کو 30 مئی تک تنخواہ اور پنشن دینے کا فیصلہ
خیبرپختونخوا حکومت نے عیدالاضحیٰ کی آمد کے پیش نظر تمام سرکاری ملازمین کو تنخواہیں اور پنشن 30 مئی تک ادا کرنے کا حکم جاری کر دیا
خیبرپختونخوا حکومت نے عیدالاضحیٰ کی آمد کے پیش نظر تمام سرکاری ملازمین کو تنخواہیں اور پنشن 30 مئی تک ادا کرنے کا حکم جاری کیا/ فائل فوٹو
(ویب ڈیسک) خیبرپختونخوا حکومت نے عیدالاضحیٰ کی آمد کے پیش نظر ایک اہم اور خوش آئند فیصلہ کرتے ہوئے تمام سرکاری ملازمین کو تنخواہیں اور پنشن 30 مئی تک ادا کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔

محکمہ خزانہ خیبرپختونخوا کی جانب سے اس حوالے سے تمام سرکاری محکموں، اداروں اور متعلقہ دفاتر کو باقاعدہ مراسلہ بھیج دیا گیا ہے جس میں واضح ہدایات دی گئی ہیں کہ ماہ مئی کی تنخواہیں اور پنشنز 30 مئی بروز جمعرات تک ہر صورت جاری کر دی جائیں۔ مراسلے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ تمام محکمے اپنی تنخواہ کی فائلز فوری طور پر محکمہ خزانہ کو ارسال کریں تاکہ ادائیگی کے عمل میں کوئی تاخیر نہ ہو۔

یہ بھی پڑھیں: عیدالاضحیٰ کب ہوگی ؟ حتمی فیصلہ آج ہوگا

اس فیصلے کی ایک اور اہم وجہ یہ بھی ہے کہ یکم جون کو اتوار کی ہفتہ وار چھٹی ہے، جو کہ ماہ کا پہلا دن بھی ہے، جبکہ عیدالاضحیٰ 6 یا 7 جون کو متوقع ہے۔ لہٰذا مہینے کے آخری ورکنگ ڈے یعنی 30 مئی کو ہی تنخواہوں کی ادائیگی کو ممکن بنایا جا رہا ہے تاکہ ملازمین کو بینکوں سے رقم نکالنے اور عید کی خریداری کے لیے وقت مل سکے۔

عید کے موقع پر مہنگائی میں اضافے اور مویشی منڈیوں میں جانوروں کی قیمتوں میں اضافہ معمول کی بات ہوتی ہے، ایسے میں سرکاری ملازمین کے لیے وقت پر تنخواہ کا ملنا کسی ریلیف سے کم نہیں۔ اس فیصلے کو سرکاری ملازمین اور پنشنرز نے سراہا ہے اور حکومت کا شکریہ ادا کیا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی عیدین کے مواقع پر خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے وقت سے پہلے تنخواہیں جاری کرنے کی روایت موجود رہی ہے۔ امسال بھی اس روایت کو برقرار رکھتے ہوئے حکومت نے مالی سہولت اور خوشی کے اس موقع پر بروقت اقدامات کیے ہیں تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا جا سکے۔