عیدالاضحیٰ کب ہوگی ؟ حتمی فیصلہ آج ہوگا
پاکستان بھر میں عیدالاضحیٰ کی تاریخ کے تعین کے لیے اہم اجلاس آج بروز منگل منعقد ہونے جا رہا ہے
رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد عیدالاضحٰی کا چاند دیکھ رہے ہیں/ فائل فوٹو
(ویب ڈیسک) پاکستان بھر میں عیدالاضحیٰ کی تاریخ کے تعین کے لیے اہم اجلاس آج بروز منگل منعقد ہونے جا رہا ہے، جس کا اہتمام مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے اسلام آباد کے کوہسار بلاک میں کیا ہے۔ اس اجلاس کی صدارت مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کریں گے۔

ملک بھر میں زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس بھی اپنے اپنے صوبائی ہیڈکوارٹرز میں بیک وقت منعقد ہوں گے۔ ان اجلاسوں میں مختلف شہروں اور علاقوں سے ملنے والی شہادتوں کا جائزہ لیا جائے گا، جس کی بنیاد پر ذوالحج کا چاند نظر آنے یا نہ آنے کا حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔ اگر چاند نظر آ گیا تو ملک بھر میں عیدالاضحیٰ بروز جمعہ 6 جون 2025 کو منائی جائے گی، بصورت دیگر عید ہفتہ 7 جون کو ہوگی۔

فلکیاتی اندازوں اور جدید سائنسی ڈیٹا کے مطابق چاند کی عمر اور غروبِ آفتاب کے بعد اس کا زاویہ ایسے ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں چاند نظر آ سکتا ہے۔ تاہم حتمی فیصلہ روایتی شرعی شہادتوں کی بنیاد پر کیا جائے گا، جن کی تصدیق کے بعد ہی چاند کی رویت کا اعلان کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: آندھی، گرد آلود ہوائیں اور بارشوں کی پیشگوئی، پی ڈی ایم اے کا الرٹ

دوسری جانب ملک بھر میں شہری عید کی تاریخ کے اعلان کے منتظر ہیں۔ مویشی منڈیوں میں قربانی کے جانوروں کی خریداری کا عمل تیز ہو چکا ہے اور ہر گزرتے دن کے ساتھ منڈیوں میں خریداروں کا رش بڑھتا جا رہا ہے۔ شہری عید کے روز کی منصوبہ بندی، گوشت کی تقسیم اور دیگر انتظامات کو حتمی شکل دینا چاہتے ہیں، جس کے لیے چاند کے اعلان کا انتظار کیا جا رہا ہے۔

رویت ہلال کمیٹی کی جانب سے چاند نظر آنے یا نہ آنے کا باضابطہ اعلان آج نماز مغرب کے بعد متوقع ہے۔ میڈیا اور سوشل میڈیا پر اس حوالے سے عوامی دلچسپی بڑھ چکی ہے، اور مختلف شہروں سے موصول ہونے والی غیر مصدقہ اطلاعات بھی زیرِ گردش ہیں، تاہم حتمی فیصلہ کمیٹی کی تصدیق کے بعد ہی قابلِ اعتبار تصور کیا جائے گا۔