سابق گورنر سندھ کمال اظفر انتقال کرگئے
سابق گورنر سندھ اور پیپلزپارٹی کے سینئر رہنماء کمال اظفر کراچی میں انتقال کرگئے
سابق گورنر سندھ اور پیپلزپارٹی کے سینئر رہنماء کمال اظفر / فائل فوٹو
(ویب ڈیسک) سابق گورنر سندھ اور پیپلزپارٹی کے سینئر رہنماء کمال اظفر کراچی میں انتقال کرگئے۔ پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری سینیٹر وقار مہدی کے مطابق 95 سالہ کمال اظفر کافی عرصے سے علیل تھے۔

کمال اظفر 1995ء سے 1997ء تک پیپلزپارٹی کے دور میں سندھ کے گورنر رہے۔ انہوں نے بتایا کہ کمال اظفر کی نماز جنازہ کل بدھ کو بعد نماز عصر عبداللہ شاہ غازی کے مزار کے احاطہ میں ادا کی جائے گی۔ ترجمان وزیراعلیٰ ہاؤس کے مطابق وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے سابق گورنر سندھ کمال الدین اظفرکے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہا ر کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آندھی، گرد آلود ہوائیں اور بارشوں کی پیشگوئی

وزیراعلیٰ نے کہا کہ کمال الدین اظفر ایک زیرک سیاستدان تھے، مرحوم اپنی اعلیٰ قابلیت سے وزیر خزانہ کے عہدے پر بھی فائز رہے۔ آپ کی سیاسی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے سوگواران سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ مراد علی شاہ نے مرحوم کے بلند درجات کے لیے دعا کی ہے۔

ادھر متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی مرکزی کمیٹی نے سندھ کے سابق گورنر کمال الدین اظفر کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اپنے تعزیتی بیان میں کمال الدین اظفر کے اہل خانہ سے دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں ایم کیو ایم آپ کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ ایم کیو ایم پاکستان کے مرکزی کمیٹی نے دعا کی کہ اللہ تعالی کمال الدین اظفر کی مغفرت فرمائے اور انکے درجات بلند فرمائے۔