مولانا فضل الرحمان نے بڑی وکٹ گرا دی
سابق انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر مجیب الرحمن نے مولانا فضل الرحمن سے ملاقات کے بعد باضابطہ طور پر پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی
(ویب ڈیسک) جمعیت علمائے اسلام (جے یوآئی) کو بلوچستان میں ایک اہم سیاسی پیش رفت کا سامنا ہوا جب صوبے کے سابق انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر مجیب الرحمن نے مولانا فضل الرحمن سے ملاقات کے بعد باضابطہ طور پر پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی۔

اس موقع پر ایک سادہ مگر باوقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں جے یوآئی کی مرکزی و صوبائی قیادت نے شرکت کی۔ جے یوآئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے ڈاکٹر مجیب الرحمن کو پارٹی میں خوش آمدید کہا اور ان کی شمولیت کو پارٹی کے لیے ایک اہم اثاثہ قرار دیا۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ ڈاکٹر مجیب الرحمن کی شمولیت سے نہ صرف بلوچستان میں پارٹی کو مضبوطی ملے گی بلکہ ان کے تجربے سے عوامی فلاح و بہبود کے کاموں میں بھی بہتری آئے گی۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان کا دوبارہ پولی گرافک ٹیسٹ کرانے کی اجازت

تقریب میں جے یوآئی کے مرکزی سیکرٹری جنرل مولانا عبد الغفور حیدری، جے یوآئی بلوچستان کے امیر مولانا عبدالواسع، صوبائی سیکرٹری جنرل آغا محمود شاہ، سیکرٹری مرکزی مالیات مولانا صلاح الدین ایوبی، رکن صوبائی اسمبلی اصغر ترین اور نعمت ادوزئی بھی موجود تھے۔ تمام رہنماؤں نے ڈاکٹر مجیب الرحمن کی شمولیت کو خوش آئند قرار دیا اور ان کے ساتھ مستقبل میں بلوچستان کے مسائل کے حل کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

ڈاکٹر مجیب الرحمن نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ جے یوآئی بلوچستان کی قیادت کے وژن اور عوامی خدمت کے جذبے سے متاثر ہو کر پارٹی میں شامل ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی عوام کو درپیش مسائل کا حل صرف سنجیدہ اور تجربہ کار قیادت کے ذریعے ہی ممکن ہے اور وہ جے یوآئی کی قیادت کے ساتھ مل کر عوام کی بھرپور خدمت کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ اپنی تمام تر صلاحیتوں اور تجربے کو بروئے کار لاتے ہوئے بلوچستان میں ترقی، امن و امان اور تعلیم کے فروغ کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔