سپیکر کیخلاف عدم اعتماد کسی بھی وقت آسکتی ہے: پی ٹی آئی
سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی کے اسپیکر کے خلاف تحریک عدم اعتماد کسی بھی وقت پیش کی جا سکتی ہے
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ / فائل فوٹو
(ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی کے اسپیکر کے خلاف تحریک عدم اعتماد کسی بھی وقت پیش کی جا سکتی ہے۔

سلمان اکرم راجہ نے اس بات کا اظہار ایک نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کے دوران کیا، جہاں انہوں نے پارٹی کی آئندہ حکمت عملی اور موجودہ سیاسی صورتحال پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ کچھ طاقتور عناصر نے جان بوجھ کر بدگمانی اور غلط فہمی پیدا کرنے کی کوشش کی ہے تاکہ پی ٹی آئی کی اندرونی صفوں میں اختلافات جنم لیں، لیکن چیئرمین عمران خان کی واضح ہدایات کے بعد پارٹی متحد ہے اور آئندہ کے لائحہ عمل پر عمل درآمد شروع کر دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:فری لانسرز، یوٹیوبرز، پنشنرز پر ٹیکس عائد؟

انہوں نے مزید کہا کہ چیئرمین عمران خان سے حالیہ ملاقات میں آئندہ کے سیاسی اقدامات اور ملکی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ عمران خان نے کہا ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کا پاکستان کے خلاف سازشی منصوبہ ناکام ہو چکا ہے، اور مستقبل میں مودی مزید غیر دانشمندانہ اقدامات کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک کو یگانگت، اتحاد اور ہم آہنگی کی اشد ضرورت ہے۔

دوسری جانب پی ٹی آئی کے سینئر رہنما سینیٹر علی ظفر نے اپنے بیان میں کہا کہ چیئرمین عمران خان نے اسٹیبلشمنٹ کو واضح پیغام دے دیا ہے کہ اگر بات چیت کرنی ہے تو براہ راست مجھ سے کی جائے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ عمران خان نے پارٹی کو کسی بھی دوسرے فریق سے مذاکرات سے منع کر دیا ہے تاکہ کوئی غلط فہمی یا دوہرا پیغام نہ جائے۔