موسم کیسا رہے گا؟محکمہ موسمیات نے بتا دیا
Weather Update Pakistan
فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ملک کے بیشتر علاقوں میں آج موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم کچھ علاقوں میں بارش اور ژالہ باری کی پیشگوئی بھی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق دن کے اوقات میں ملک کے اکثر علاقوں میں موسم شدید گرم اور خشک رہے گا۔ خاص طور پر جنوبی پنجاب، سندھ اور جنوبی بلوچستان میں درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہے گا جس کے باعث گرمی کی شدت میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شام اور رات کے اوقات میں گلگت بلتستان، کشمیر، خیبرپختونخوا، اسلام آباد، خطہ پوٹھوہار اور شمالی و جنوب مشرقی بلوچستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں:طوفان کی تباہ کاریاں، 13 افراد جاں بحق

محکمہ موسمیات نے بتایا کہ ان علاقوں میں تیز ہواؤں اور جھکڑوں کے ساتھ ہلکی بارش متوقع ہے، جبکہ چند مقامات پر موسلا دھار بارش اور ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔ ان علاقوں میں بارش سے درجہ حرارت میں وقتی کمی کا امکان ہے، تاہم مجموعی طور پر گرمی کا زور برقرار رہے گا۔

ماہرین موسمیات نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں اور پانی کا استعمال بڑھائیں۔ دوسری جانب ضلعی انتظامیہ کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ ممکنہ ژالہ باری یا تیز بارش سے نمٹنے کیلئے حفاظتی اقدامات یقینی بنائیں۔