
اسلام آباد میں تیز آندھی کے ساتھ موسلا دھار بارش اور ژالہ باری ہوئی، آبپارہ میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا، نالہ لئی کی سطح بلند ہونے پر راولپنڈی میں رین ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔
لاہور میں آندھی اور طوفان کے بعد شدید بارش ہوئی، شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی، درجنوں درخت جڑوں سے اکھڑ گئے، جبکہ قذافی اسٹیڈیم کے بوتھ اور سرچ لائٹس کے پول گرنے سے لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی پریکٹس منسوخ کرنا پڑی۔
مزید برآں ملتان، حافظ آباد، گوجرانوالا، اٹک اور سیالکوٹ سمیت کئی شہروں میں آندھی اور طوفان نے دن کو رات میں تبدیل کردیا، مختلف مقامات پر سولر پینلز اڑ گئے۔ ریسکیو حکام کے مطابق اموات کی زیادہ تر وجوہات بوسیدہ مکانات گرنے اور غیر محفوظ مقامات پر موجودگی تھیں۔
یہ بھی پڑھیں:طوفانی بارشیں، محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کر دی
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ لاہور میں درختوں اور سولر پینلز کو نقصان پہنچا، حکومت پنجاب کی پالیسی کے تحت متاثرہ خاندانوں کو مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔
اسی طرح سے خیبرپختونخوا میں بھی طوفانی بارشوں کا سلسلہ جاری رہا، پشاور میں مٹی کا طوفان، جبکہ ایبٹ آباد، مانسہرہ، مالاکنڈ، مردان اور چارسدہ میں بارش کے باعث معمولات زندگی متاثر ہوئے۔ سوات میں پانی دکانوں اور گھروں میں داخل ہو گیا جبکہ ژالہ باری سے فصلوں اور باغات کو شدید نقصان پہنچا۔
آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں بشمول وادی نیلم اور مظفرآباد میں بھی بارشیں ہوئیں، سیلابی پانی کے باعث شاہراہ نیلم بند ہوگئی۔