طوفانی بارشیں، محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کر دی
محکمہ موسمیات نے آج (ہفتہ) سے پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارشوں کی پیشگوئی کر دی
محکمہ موسمیات نے آج پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارشوں کی پیشگوئی کی/ فائل فوٹو
(ویب ڈیسک) ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں شدید گرمی سے پریشان عوام کے لیے خوشخبری آگئی۔ محکمہ موسمیات نے آج (ہفتہ) سے پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارشوں کی پیشگوئی کر دی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مرطوب ہوائیں ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں داخل ہو چکی ہیں جبکہ مغربی ہواؤں کا نیا سسٹم آج ان علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے گا۔ اس سسٹم کے زیر اثر پنجاب کے کئی اضلاع میں آندھی، گرج چمک اور تیز بارش کا امکان ہے۔

اس حوالے سے پی ڈی ایم اے پنجاب نے بھی الرٹ جاری کر دیا ہے۔ الرٹ میں شہریوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ آج رات اور کل کے دوران پنجاب کے متعدد علاقوں میں شدید بارش، آندھی اور ژالہ باری ہو سکتی ہے۔ جن علاقوں میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے ان میں راولپنڈی، مری، گلیات، لاہور، میانوالی، ملتان، بہاولپور اور ان کے مضافات شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:سعودیہ اور کینیڈا جانے والوں کیلئے بڑی خوشخبری

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ کچھ علاقوں میں نشیبی مقامات پر پانی جمع ہونے، ٹریفک میں خلل اور درختوں کے گرنے جیسے خطرات بھی ہو سکتے ہیں، اس لیے عوام کو محتاط رہنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ادھر خیبر پختونخوا کے شہریوں کے لیے بھی محکمہ موسمیات نے خوشخبری دی ہے۔ چترال، دیر، سوات، مالاکنڈ، مانسہرہ، بٹگرام، شانگلہ اور کوہستان میں آج سے لے کر آئندہ دو دنوں تک گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ ان علاقوں میں بھی درجہ حرارت میں کمی اور موسم کی بہتری متوقع ہے۔

 

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ یہ بارشیں فصلوں کے لیے بھی فائدہ مند ثابت ہو سکتی ہیں، جبکہ شہری علاقوں میں درجہ حرارت میں کمی سے گرمی کی شدت میں واضح فرق محسوس کیا جائے گا۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ موسم کی صورت حال پر نظر رکھیں، محکمہ موسمیات اور پی ڈی ایم اے کی جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ کسی بھی ممکنہ نقصان سے بچا جا سکے۔