
تفصیلات کے مطابق پی آئی اے نے سعودی عرب جانے والی پروازوں پر 20 فیصد تک رعایت دینے کا اعلان کیا ہے۔ یہ رعایت 27 مئی سے 8 جون 2025 تک لاگو ہوگی، اس کا اطلاق دمام، ریاض اور القصیم جانے والی تمام پروازوں پر ہوگا۔ یہ آفر ان پاکستانیوں کے لیے نہایت اہم ہے جو حج یا عید کے موقع پر سعودی عرب جانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:بسکٹ، کیک، چپس پر ٹیکس عائد کرنے کا فیصلہ
کینیڈا میں مقیم پاکستانی بھی اس خصوصی رعایت سے فائدہ اٹھاسکتے ہیں۔ پی آئی اے نے کینیڈا (ٹورنٹو) سے پاکستان آنے والے مسافروں کے لیے 10 فیصد خصوصی رعایت کا اعلان کیا ہے۔ یہ رعایت 22 مئی سے 19 جون 2025 کے درمیان سفر کرنے والوں کے لیے دستیاب ہو گی جبکہ اس سہولت سے فائدہ اٹھانے کے لیے ٹکٹ بکنگ کی آخری تاریخ 5 جون 2025 مقرر کی گئی ہے۔
پی آئی اے کے اس اقدام کو مسافروں کی سہولت کے ساتھ ساتھ ادارے کی بین الاقوامی ساکھ میں بہتری کے لیے بھی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ نجکاری پالیسی کے تناظر میں ادارہ ایسے اقدامات کر رہا ہے تاکہ عوامی اعتماد برقرار رکھا جا سکے اور مسافر ایئر لائن کی جانب دوبارہ متوجہ ہوں۔
مسافروں کو مزید معلومات یا ٹکٹ بکنگ کے لیے پی آئی اے کی ہیلپ لائن 021-111-786-786 پر رابطہ کرنے یا ادارے کی ویب سائٹ www.piac.com.pk وزٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ پی آئی اے کی جانب سے دی جانے والی یہ رعایتیں نہ صرف وقتی طور پر فائدہ مند ہیں بلکہ ان کے ذریعے قومی ایئرلائن اپنی سروس کو دوبارہ عوامی سطح پر قابلِ بھروسہ بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔ عید جیسے اہم موقع پر اس قسم کے اقدامات مسافروں کے لیے سہولت اور خوشی کا ذریعہ بن سکتے ہیں۔