خضدار میں زلزلے کے جھٹکے، شہری خوفزدہ
Khuzdar Earthquake
فائل فوٹو
کوئٹہ: (24 نیوز) بلوچستان کے ضلع خضدار اور گرد و نواح میں بدھ کی صبح زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے، جن سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

لوگ خوف کے مارے کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں اور عمارتوں سے باہر نکل آئے۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 5.3 ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کا مرکز خضدار سے 45 کلومیٹر جنوب میں واقع تھا۔ تاہم زمین کی گہرائی سے متعلق معلومات تاحال سامنے نہیں آ سکیں۔

مقامی انتظامیہ کے مطابق تاحال کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے، البتہ زلزلے کے بعد ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو ادارے حرکت میں آ گئے ہیں اور علاقے میں صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں۔ زلزلے کے باعث چند مقامات پر بجلی کی فراہمی میں عارضی خلل بھی رپورٹ ہوا، تاہم فوری مرمت کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستانی کوہ پیماء نے تاریخی اعزاز اپنے نام کر لیا

یاد رہے کہ بلوچستان پاکستان کا وہ خطہ ہے جو زلزلوں کے لحاظ سے حساس علاقوں میں شمار ہوتا ہے۔ گزشتہ برسوں کے دوران بھی خضدار سمیت دیگر اضلاع میں زلزلے کے متعدد واقعات پیش آ چکے ہیں۔

ماہرین ارضیات کا کہنا ہے کہ آفٹر شاکس کا امکان موجود ہے، لہٰذا شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اگر کسی نقصان کی اطلاع ملی تو فوری کارروائی کی جائے گی۔