آج بادل کہاں کہاں برسیں گے؟محکمہ موسمیات نے بتا دیا
Rain forecast Pakistan
بارش کا خوبصورت منظر/فائل فوٹو
اسلام آباد:(ویب ڈیسک) محکمہ موسمیات نے خیبرپختونخوا، پنجاب اور بلوچستان کے متعدد اضلاع میں تیز ہواؤں اور بارش کی پیشگوئی کردی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا کے اضلاع دیر، سوات، مالاکنڈ، شانگلہ، کوہستان، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور اور پشاور میں بارش کی توقع ہے،جبکہ چارسدہ، نوشہرہ، صوابی، کوہاٹ، کرک، لکی مروت، بنوں، ڈی آئی خان اور گلیات میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور چند مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے۔

اسی طرح پنجاب کے مختلف اضلاع مری، راولپنڈی، اٹک، چکوال، خوشاب، سرگودھا، میانوالی، جہلم، حافظ آباد، گوجرانوالہ، منڈی بہاؤالدین، گجرات، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، قصور، اوکاڑہ، شیخوپورہ، بھکر، ملتان، ڈیرہ غازی خان اور لیہ میں بھی بارش متوقع ہے۔

یہ بھی پڑھیں:طوفان کی تباہ کاریاں، 13 افراد جاں بحق

محکمہ موسمیات نے سندھ کے بارے میں خبردار کیا ہے کہ وہاں کے بیشتر اضلاع میں موسم شدید گرم اور خشک رہے گا۔ دوپہر کے بعد ساحلی علاقوں میں تیز اور گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے جس سے درجہ حرارت مزید بڑھ سکتا ہے۔

مزید برآں بلوچستان میں ژوب، موسیٰ خیل، بارکھان، خضدار، آواران، لورالائی اور لسبیلہ میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، جہاں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ جبکہ سندھ کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید گرم اور خشک رہے گا۔

محکمہ موسمیات نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ موسم کی صورتحال پر نظر رکھیں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔