
وفاقی وزارت تعلیم کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق وفاقی تعلیمی اداروں میں گرمیوں کی چھٹیاں 5 جون سے 1 اگست 2025 تک ہوں گی۔ تعطیلات کے آغاز سے پہلے، 26 مئی سے اسکول کے اوقات میں بھی تبدیلی کی گئی ہے۔ اب اسکول صبح 7 بج کر 30 منٹ سے دوپہر 12 بج کر 30 منٹ تک کھلے رہیں گے۔
دوسری جانب سندھ حکومت نے بھی موسم گرما کی تعطیلات کا اعلان کیا ہے۔ محکمہ تعلیم سندھ کے مطابق تمام سرکاری و نجی اسکول اور کالجز یکم جون سے 31 جولائی 2025 تک بند رہیں گے۔ اس دوران کوئی بھی تعلیمی سرگرمی باقاعدہ اجازت کے بغیر منعقد نہیں کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں:ملک بھر میں تعلیمی اداروں کیلئے موسم گرما کی تعطیلات کا اعلان
پنجاب میں بھی محکمہ اسکول ایجوکیشن نے موسم گرما کی تعطیلات کے احکامات جاری کئے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق آفٹر نون سکولز میں تعطیلات کا آغاز فوری طور پر (کل سے) ہوگا، جبکہ دیگر تمام اسکولز 28 مئی سے بند ہو جائیں گے۔ پنجاب بھر کے تمام تعلیمی ادارے 15 اگست 2025 سے دوبارہ کھولے جائیں گے۔
خیبر پختونخوا میں بھی محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم نے دو مختلف شیڈول جاری کیے۔ صوبے کے گرم علاقوں کے لیے تعطیلات 15 جون سے 31 اگست تک جاری رہیں گی، جبکہ سرد اور بالائی علاقوں کے اسکولوں میں یکم جولائی سے 31 جولائی تک موسم گرما کی چھٹیاں ہوں گی۔
ملک بھر میں تعلیمی اداروں میں یہ تعطیلات شدید گرمی، ہیٹ ویوز اور بچوں کی صحت کے تحفظ کے پیش نظر کی گئی ہیں۔ تمام والدین، اساتذہ اور طلبہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اسکولز کی جانب سے جاری شیڈول پر عملدرآمد یقینی بنائیں اور تعلیمی سلسلے کے دوبارہ آغاز کے لیے تیاری جاری رکھیں۔