ملک بھر میں تعلیمی اداروں کیلئے موسم گرما کی تعطیلات کا اعلان
Summer Vacations 2025
فائل فوٹو
پشاور:(ویب ڈیسک) خیبرپختونخوا سمیت ملک کے مختلف صوبوں میں محکمہ تعلیم نے اسکولوں میں موسم گرما کی تعطیلات کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔

شدید گرمی کی لہر کے پیش نظر طلبا و طالبات کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے تعلیمی سرگرمیاں عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہیں۔

محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم خیبرپختونخوا کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق صوبے کے میدانی اضلاع میں اسکول 15 جون سے 31 اگست تک بند رہیں گے، جبکہ بالائی علاقوں میں گرمیوں کی چھٹیاں یکم جولائی سے 31 جولائی تک ہوں گی۔

دوسری جانب سندھ حکومت نے بھی صوبے بھر کے نجی و سرکاری اسکولوں اور کالجز میں یکم جون سے 31 جولائی تک موسم گرما کی تعطیلات کا اعلان کر دیا ہے۔ کراچی سمیت سندھ بھر کے تعلیمی ادارے مقررہ تاریخوں کے مطابق بند رہیں گے۔

خیال رہے کہ تینوں صوبوں میں گرمیوں کی چھٹیوں کا مقصد بچوں کو ہیٹ ویو اور شدید موسمی حالات سے بچانا ہے۔ والدین اور اساتذہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ بچوں کی صحت و سلامتی کا خاص خیال رکھا جائے۔ تعلیمی ادارے مقررہ تاریخوں کے بعد دوبارہ کھول دیے جائیں گے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل پنجاب حکومت بھی موسم گرما کی تعطیلات کا اعلان کر چکی ہے۔ محکمہ اسکول ایجوکیشن پنجاب کے نوٹیفکیشن کے مطابق تمام اسکول 28 مئی سے بند ہوں گے، جبکہ آفٹرنون اسکولز میں تعطیلات کا آغاز پہلے ہی کر دیا گیا ہے۔ پنجاب بھر کے تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے 15 اگست کو دوبارہ کھلیں گے۔