اسد قیصر کی 20 دن کی راہداری ضمانت منظور
Asad Qaiser
فائل فوٹو
پشاور:(ویب ڈیسک) پشاور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو 20 دن کی راہداری ضمانت دے دی۔

قائم مقام چیف جسٹس ایس ایم عتیق شاہ نے راہداری ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی، اسد قیصر نے عدالت سے استدعا کی کہ ان کیخلاف درج مقدمات میں متعلقہ عدالتوں میں پیش ہونے کیلئے راہداری ضمانت دی جائے۔

سماعت کے دوران عدالت نے استفسار کیا کہ درخواست گزار کو کتنی ایف آئی آرز میں نامزد کیا گیا ہے؟ وکیل نے جواب دیا کہ اسد قیصر کیخلاف 15 مقدمات درج ہیں۔

عدالت نے درخواست گزار کو متعلقہ عدالتوں میں پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ صوبے میں آپ کی تیسری حکومت ہے، آپ نوجوانوں کیلئے کیا اقدامات کریں گے؟ ٹیکنالوجی کے اس دور میں آئی ٹی کورسز کا آغاز کیوں نہیں کیا گیا؟ آبادی کا 70 فیصد نوجوانوں پر مشتمل ہے، ان کیلئے مؤثر منصوبہ بندی کی ضرورت ہے۔

یہ بھی پڑھیں:عمران خان کا پولی گراف ٹیسٹ کرانے سے پھر انکار

اس موقع پر اسد قیصر نے کہا کہ ہم قومی اسمبلی میں نوجوانوں کے حقوق کی آواز بلند کر رہے ہیں، صوابی میں کالجز، یونیورسٹیز اور کامرس کالجز قائم کیے گئے ہیں۔

جسٹس ایس ایم عتیق شاہ نے ریمارکس دیے کہ ہمارے ہمسایہ ملک کی آئی ٹی سروسز کی برآمدات 840 ارب ڈالرز تک پہنچ چکی ہیں جبکہ ہم صرف 2 ارب ڈالرز کی سطح پر ہیں۔ حکومت کو چاہیے کہ نوجوانوں کیلئے آئی ٹی شعبے میں فوری اقدامات کرے۔ انہوں نے فنانس کیلئے کراچی سے ماہر بلانے پر بھی سوال اٹھایا کہ خیبرپختونخوا میں کیا کوئی ماہر موجود نہیں تھا؟

عدالت نے 20 دن کی راہداری ضمانت منظور کرتے ہوئے درخواست نمٹا دی۔