پاکستانی امن کا جشن منارہے، بھارت کو جنگ چاہیے تو پھر جنگ ہی سہی:ڈی جی آئی ایس پی آر
 پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈی جی لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا ہے کہ پاکستان اس وقت امن کا جشن منارہے ہیں، بھار ت کو اگر جنگ چاہیے تو پھر جنگ ہی سہی۔
ڈی جی آئی ایس پی آر
راولپنڈی: (سنو نیوز) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈی جی لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا ہے کہ پاکستانی اس وقت امن کا جشن منارہے ہیں، بھار ت کو اگر جنگ چاہیے تو پھر جنگ ہی سہی۔

برطانوی نشریاتی ادارے کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں ترجمان پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری کا کہنا تھا کہ بھارت جھوٹے بیانیے کی بنیاد پر آگ سے کھیل رہا ہے، ایسا بیانیہ بنایا جا رہا ہے جہاں تصادم کی گنجائش پیدا کی جا سکے، دونوں ایٹمی ریاستوں کے درمیان تصادم بیوقوفی ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ ہر چند سال بعد ایک جھوٹا بیانیہ گھڑا جاتا ہے، بھارت کا یہ بیانیہ پرانا ہو چکا ہے، دنیا بھی اب بھارت کو جان چکی ہے، بھارتی موقف بےبنیاد تھا، پاکستان نے بہت بالغ نظری سے ردعمل دیا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کے حصے کا پانی روکنے کا کوئی پاگل ہی سوچ سکتا ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پاکستانی اس وقت امن کا جشن منا رہے ہیں لیکن اگر بھارت کو جنگ چاہیے تو پھر جنگ ہی سہی، ہم اس کے لیے ہر وقت تیار ہیں ، اصل تنازع اپنی جگہ پر موجود ہے، اس میں چنگاری کسی وقت بھی ڈالی جا سکتی ہے۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ بھارتی حکومت سے کوئی یہ نہیں پوچھ رہا پہلگام واقعہ کیسے ہوا؟ سکیورٹی لیپس کا ذمہ دار کون تھا؟ کسی کو اصل وجوہات جاننے میں دلچسپی نہیں، بھارت کو گھمنڈ تھا کہ پاکستان کمزور ملک ہے، ہم نے اس تکبر کو کئی سطحوں پر توڑا ہے۔

اس کو بھی پڑھیں: پاکستان بھارتی تسلط کے سامنے نہیں جھکے گا،ترجمان پاک فوج

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے ایک سوال پر کہا کہ بھارت نے مظفرآباد، بہاولپور اور مریدکے میں مساجد اور پبلک مقامات کو نشانہ بنایا، وہاں دہشت گردوں کے کیمپ ہوتے تو کیا ہم میڈیا کو وہاں لے کر جاتے؟ ہمارا کوئی شہری دہشت گردی میں ملوث ہے تو ثبوت دیں، ہم خود کارروائی کریں گے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ بھارت جس انداز میں پاکستان مخالف بیانیہ چلا رہا ہے یہ صرف اپنی داخلی سیاست کو بہتر کرنے کی کوشش کررہا ہے، دنیا اب جان چکی ہے کہ بھارت کا پہلے دن سے موقف بے بنیاد تھا۔