
وزیر تعلیم پنجاب کے مطابق صوبے بھر کے تمام سرکاری و نجی اسکولوں میں 28 مئی 2025 سے موسم گرما کی تعطیلات کا آغاز ہو گا۔ اس فیصلے کی بنیادی وجہ ملک میں جاری شدید گرمی کی لہر ہے، جس سے طلباء کی صحت اور تحفظ متاثر ہو سکتا ہے۔
وزیر تعلیم نے کہا کہ بچوں کی فلاح، صحت اور حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ وہ موسم کی شدت سے محفوظ رہ سکیں۔ تعطیلات کے دوران والدین اور طلباء کو ہدایت دی گئی ہے کہ تعلیمی سلسلہ منقطع نہ ہونے دیں اور تعلیمی سرگرمیاں گھریلو سطح پر جاری رکھیں۔
یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم لیپ ٹاپ سکیم کی رجسٹریشن کی آخری تاریخ میں توسیع
اس کے ساتھ ساتھ، وزیر تعلیم پنجاب نے سکولوں کے اوقات کار میں بھی تبدیلی کا اعلان کیا ہے۔ اب اسکول صبح 7:30 بجے سے 11:30 بجے تک کھلے رہیں گے تاکہ بچے دوپہر کی شدید گرمی سے بچ سکیں۔ نیا شیڈول فوری طور پر نافذ العمل ہوگا اور چھٹیوں کے آغاز تک جاری رہے گا۔
قبل ازیں وزیر تعلیم نے عندیہ دیا تھا کہ گرمیوں کی چھٹیوں کے حوالے سے حتمی فیصلہ تین سے چار دن میں کیا جائے گا، اور مختلف اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد اعلان کیا جائے گا۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا تھا کہ اگر گرمی کی شدت میں مزید اضافہ ہوا تو تعطیلات کی تاریخ میں ردوبدل ممکن ہے، تاہم موجودہ فیصلہ طلباء کی فلاح و بہبود کو سامنے رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔
وزیر تعلیم نے کہا کہ اس وقت اسکولوں میں تدریسی سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری ہیں اور حکومت کی کوشش ہے کہ کورونا وبا اور دیگر عوامل کے باعث ہونے والے تعلیمی نقصانات کا ازالہ کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نہیں چاہتے کہ لرننگ لاسز میں مزید اضافہ ہو، لیکن بچوں کی صحت پہلی ترجیح ہے۔
آخر میں انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ محکمہ تعلیم کی جانب سے ہیٹ ویو کے دوران دی گئی احتیاطی ہدایات پر عمل کریں، بچوں کو ہلکے کپڑے پہنائیں، پانی کی مقدار بڑھائیں اور غیر ضروری طور پر دھوپ میں نہ نکلنے دیں تاکہ وہ موسم کی شدت سے محفوظ رہ سکیں۔