
پارلیمنٹ کے باہر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ بانی چیئرمین عمران خان کسی صورت کوئی ڈیل نہیں کریں گے۔ انہوں نے دو ٹوک انداز میں کہا کہ عمران خان اس وقت اپنی اہلیہ کے ہمراہ جیل میں موجود ہیں، مگر اس کے باوجود وہ اپنے مؤقف پر قائم ہیں اور کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔
بیرسٹر گوہر نے حالیہ دنوں میں بھارت کے خلاف پاکستان کی دفاعی کامیابی کو سراہتے ہوئے کہا کہ افواجِ پاکستان نے بھارت کا غرور خاک میں ملا دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے یوم تشکر کے موقع پر نوافل ادا کیے اور اللہ کا شکر ادا کیا کہ اس نے پاکستان کو ایک بار پھر سرخرو کیا، ان کامیابیوں پر پوری قوم کو فخر ہے۔
یہ بھی پڑھیں:عمران خان قومی مفاد میں مذاکرات کیلئے تیار: علی امین گنڈا پور
انہوں نے زور دیا کہ موجودہ ملکی صورتحال کو دیکھتے ہوئے سیاسی سیز فائر کی ضرورت ہے، تاکہ ملک میں استحکام آ سکے۔ گوہر علی خان کا کہنا تھا کہ ملک کے موجودہ حالات کے پیش نظر تمام سیاسی قوتوں کو بیٹھ کر بات چیت کرنی چاہیے، کیونکہ مذاکرات ہی وہ راستہ ہیں جو ملک کو بحران سے نکال سکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اس وقت نازک موڑ پر کھڑا ہے، ایک طرف بیرونی خطرات ہیں تو دوسری طرف اندرونی سیاسی کشمکش نے سسٹم کو غیر مستحکم کر دیا ہے۔ ایسی صورتحال میں سب کو ہوش کے ناخن لینا ہوں گے اور قومی مفاد کو ذاتی مفاد پر ترجیح دینا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ معاملات کو سلجھایا جائے اور ملک کو ایک نئے سیاسی اتفاقِ رائے کی طرف لے جایا جائے۔