عمران خان قومی مفاد میں مذاکرات کیلئے تیار: علی امین گنڈا پور
وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پورنے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی مکمل رہائی کے لئے بھی درخواستیں زیر سماعت ہیں، بجٹ آنے والا ہے اور اس کے لئے پارٹی کے سربراہ سے ملاقات ضروری ہے
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پورا/ فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پورنے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی مکمل رہائی کے لئے بھی درخواستیں زیر سماعت ہیں، بجٹ آنے والا ہے اور اس کے لئے پارٹی کے سربراہ سے ملاقات ضروری ہے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا بجٹ میں عمران کے ویژن کے لئے ان سے ملاقات ہونی چاہئے ہمیں ملنے نہیں دیا جا رہا، پوری قوم جانتی ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے ساتھ ذاتیات کی جا رہی ہیں، بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ پاکستان کے لئے معاف کرنے اور مذاکرات کے لئے تیار ہوں، جو لوگ ہٹ دھرمی کر کے انا کا مسئلہ بنا رہے ہیں وہ پاکستان کو نقصان پہنچا رہے ہیں، اب ذات اور انا سے نکل کر ملک کے لئے سوچنے کی ضرورت ہے۔

علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ میں تو یہی کہوں گا کہ پورے پاکستان کو متحد ہونے کی ضرورت ہے اور بانی پی ٹی آئی اس وقت علامت ہے، بانی پی ٹی آئی اس وقت نمائندگی کرتے ہیں، پاکستان کے 4 صوبوں کی بھی بلوچستان، آزاد کشمیر کی بھی، جب اپنے گھر میں لڑائی اس طرح بن جاتی ہے تو پھر ظاہری بات ہے کہ دشمن بھی خود کو مضبوط سمجھتا ہے اور مودی جیسا بندہ دھمکیاں دینا شروع کر دیتا ہے، جب اپنے گھر میں لڑائی ہو تو دشمن اپنے آپ کو مضبوط سمجھتا ہے، اس وقت قومی اتحاد کی ضرورت ہے۔

یہ بھی پڑھیں:جنید اکبر کا یوٹرن، چیئرمین پی اے سی سے استعفی واپس لے لیا

انہوں نے کہا کہ عمران خان کے بچوں کا انٹرویو پتہ نہیں اوریجنل ہے یا نہیں ؟،آج کل اے آئی سے بھی وڈیوز بن جاتی ہیں، ابھی بانی پی ٹی آئی کے بچوں کے انٹرویو پر کمنٹ نہیں کر سکتا۔ علی امین گنڈاپور نے ہائیکورٹ میں پیش ہونے اور دیگر عدالتوں سے وارنٹ جاری ہونے سے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ اگر وارنٹ گرفتاری جاری کیے ہیں تو گرفتار کریں ناں گرفتار کیوں نہیں کرتے۔

علی امین گنڈاپور نے جنید اکبر سے استعفیٰ کی وجوہات سے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ مجھے اس متعلق علم نہیں میری بات نہیں ہوئی جنید اکبر سے، جنید اکبر کے حوالے سے علیمہ خان ہی بتا سکتی ہیں۔

ادھر وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے ملاکنڈ ڈویژن کو دو الگ ڈویژنز بنانے کا اعلان کر دیا۔ پشاور میں علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت اگلے سالانہ ترقیاتی پروگرام کی تیاری کے لئے مشاورتی اجلاس ہوا، اجلاس میں ملاکنڈ ڈویژن کے اگلے سالانہ ترقیاتی پروگرام کی تیاری کے لئے طویل مشاورت ہوئی اور ملاکنڈ ڈویژن کے منتخب ممبران قومی و صوبائی اسمبلی نے شرکت کی۔