ذرائع کے مطابق چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی جنید اکبر نے عہدے سے مستعفیٰ ہونے کا فیصلہ واپس لے لیا۔ چیئرمین پی اے سی جنید اکبر نے بیرسٹر گوہر علی سے اپنا استعفی واپس لیا۔ گزشتہ روز بانی تحریک انصاف کی جانب سے جنید اکبر کو بطور چیئرمین پی اے سی کام کرنے نہ کرنے کا پیغام بھیجا گیا تھا۔
جنید اکبر نے رات گئے بیرسٹر گوہر علی سے ملاقات میں بانی عمران خان کے پیغام پر عہدہ نہ چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔ اس سے قبل مرکزی قیادت کے کچھ ارکان اور علیمہ خان کی جانب سے جنید اکبر کو مسلسل عہدہ چھوڑنے کا پریشر دیا جاتا رہا۔ وزیراعلی علی امین گنڈاپور نے 25 روز قبل جنید اکبر کو عہدہ چھوڑنے کا بھی کہا تھا۔
یہ بھی پڑھیں:عمران خان کی ضمانت کیلئے دائر درخواست سماعت کیلئے مقرر
چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی جنید اکبر نے سنو نیوز سے ٹیلیفونک گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھ پر پارٹی کے کچھ ارکان کی جانب سے عہدہ چھوڑنے کا شدید پریشر دیا جاتا رہا، بیرسٹر گوہر علی کی بانی تحریک انصاف سے ملاقات میں سارا معاملہ کھل کر سامنے آگیا ہے۔
جنید اکبر کا کہنا تھا کہ عہدہ چھوڑنے یا نہ چھوڑنے کا فیصلہ بانی تحریک انصاف نے مجھ پر چھوڑا، اسی لیے میں بطور چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی عہدہ نہیں چھوڑ رہا، چیئرمین پی اے سی کام جاری رکھوں گا جسے تکلیف ہے میرے عہدے پر کام جاری رکھنے پر تو اسے مزید تکلیف دوں گا، کل پشاور میں پارٹی کے اہم اجلاس کی صدارت کروں گا، خیبرپختونخوا سے احتجاجی تحریک کا آغاز کرنے جا رہا ہوں، جلد تاریخ کا اعلان کروں گا۔