رینجرز کیساتھ ڈرون گرانے والے پاکستانی کی سوشل میڈیا پر تعریفیں
لاہور کے مضافاتی علاقے میں ایک جراتمند شہری نے فوجی جوان کے ساتھ مل کر بھارتی ڈرون کو نشانہ بنایا
لاہور کے مضافاتی علاقے میں ایک جراتمند شہری فوجی جوان کے ساتھ مل کر بھارتی ڈرون کو نشانہ بناتے ہوئے/ فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) پاک بھارت کشیدگی کے دوران جب بھارتی ڈرونز نے پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی تو پاکستانی عوام اور سکیورٹی فورسز نے ایک مرتبہ پھر دنیا کو بتا دیا کہ پاکستان کی سرحدیں غیر محفوظ نہیں بلکہ چٹان کی مانند مضبوط اور محفوظ ہاتھوں میں ہیں۔

لاہور کے مضافاتی علاقے میں ایک جراتمند شہری نے فوجی جوان کے ساتھ مل کر بھارتی ڈرون کو نشانہ بنایا اور دشمن کی سازش کو ناکام بنایا۔ اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوئی جس میں عوامی جذبات کا ایک طوفان دیکھنے کو ملا۔ لاکھوں پاکستانیوں نے ویڈیو کو شیئر کیا، تبصرے کیے اور اس بہادر شہری کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ ایک صارف نے لکھا، ’’یہ لمحہ پوری قوم کے جذبے کی عکاسی کرتا ہے۔‘‘

دوسرا صارف جذباتی انداز میں لکھتا ہے، ’’یہ بھائی شاید اپنی پوری زندگی اسی دن کا انتظار کر رہا تھا، اور آج اس نے ثابت کر دیا کہ پاکستانی کبھی پیچھے نہیں ہٹتے۔‘‘ کئی صارفین نے مطالبہ کیا کہ ایسے عام مگر بہادر شہریوں کو قومی اعزاز سے نوازا جانا چاہیے تاکہ ان کی قربانی اور جذبے کو تسلیم کیا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں:امریکی وی لاگر دورانِ جنگ پاکستانیوں کے بے خوف رویے پر حیران

یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب بھارتی فوج نے آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں پر حملہ کیا۔ ان حملوں میں نہتے شہریوں، بچوں اور عبادت گاہوں کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں 31 پاکستانی شہید اور درجنوں زخمی ہوئے۔ پاکستان نے اس بزدلانہ جارحیت کا مؤثر اور فیصلہ کن جواب دیا۔

10 مئی کو ’آپریشن بُنیانُ المَرْصُوص‘ کے تحت پاکستان نے بھارتی فوجی تنصیبات، ایئر بیسز، اور اسلحہ ڈپوؤں کو نشانہ بنایا، جن میں رافیل، مگ 29، ایس یو 30 طیارے اور کومبیٹ ڈرونز شامل تھے۔ یہ تمام اہداف کامیابی سے تباہ کیے گئے۔

یہ پوری صورتحال اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ پاکستانی قوم اب صرف دعاؤں تک محدود نہیں، بلکہ عملی طور پر بھی اپنے سپاہیوں کے ساتھ میدانِ عمل میں موجود ہے۔ دشمن اگر ایک قدم آگے بڑھے گا تو پاکستانی قوم اس کا جواب کئی گنا بڑھ کر دے گی، ان شاءاللہ۔