امریکی وی لاگر دورانِ جنگ پاکستانیوں کے بے خوف رویے پر حیران
 پاک بھارت کشیدگی میں شدت کے دوران، معروف امریکی وی لاگر ڈریو بِنسکی کو پاکستانی عوام کے بے خوف اور مہمان نواز رویے نے حیران کر دیا
معروف امریکی وی لاگر ڈریو بِنسکی دنیا بھر میں سفر کر کے مختلف ثقافتوں اور معاشروں کے بارے میں ویڈیوز بناتے ہیں/ فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاک بھارت کشیدگی میں شدت کے دوران، معروف امریکی وی لاگر ڈریو بِنسکی کو پاکستانی عوام کے بے خوف اور مہمان نواز رویے نے حیران کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق پاک بھارت حالیہ کشیدہ صورتحال کے دوران جہاں خطے میں خوف و ہراس کی فضا قائم ہے، وہیں ایک معروف امریکی وی لاگر ڈریو بِنسکی نے پاکستان میں عوام کے بے خوف اور مطمئن رویے پر حیرانی کا اظہار کیا ہے۔ ڈریو، جو دنیا بھر میں سفر کر کے مختلف ثقافتوں اور معاشروں کے بارے میں ویڈیوز بناتے ہیں، ان دنوں پاکستان کے دورے پر تھے جب پاک بھارت کشیدگی نے شدت اختیار کی۔

اپنے یوٹیوب چینل پر جاری کردہ ویڈیو میں ڈریو بِنسکی نے بتایا کہ وہ دراصل اسلام آباد سے امریکہ واپس جانے کا ارادہ رکھتے تھے، مگر بھارت کی جانب سے اشتعال انگیز اقدامات اور جنگی جنون کے نتیجے میں پاکستان نے اپنی فضائی حدود بند کر دی، جس کی وجہ سے ان کی پرواز منسوخ ہو گئی اور وہ پاکستان میں ہی رک گئے۔

یہ بھی پڑھیں:بھارتی فضائیہ کے سربراہ کی ایئر ہیڈ کوارٹر میں اپنے پائلٹس کے ہاتھوں دھلائی

 تاہم، اس غیر یقینی صورتحال کے باوجود، ڈریو نے بتایا کہ وہ نہ صرف خود کو محفوظ محسوس کر رہے ہیں، بلکہ پاکستانی عوام کا رویہ ان کے لیے انتہائی حیرت انگیز اور متاثر کن رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ   میں شمالی پاکستان میں، کشمیر کے قریب موجود ہوں، مگر یہاں کے لوگ کسی بھی قسم کی گھبراہٹ یا خوف کا شکار نظر نہیں آتے، یہاں کی دکانیں کھلی ہیں، بازاروں میں چہل پہل ہے، اور لوگ روزمرہ کے کاموں میں مصروف ہیں جیسے کچھ ہوا ہی نہ ہو۔

ڈریو بِنسکی نے پاکستانی مہمان نوازی کی بھی خوب تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ اس مشکل گھڑی میں بھی پاکستانی عوام نے ان کا جس گرمجوشی اور خلوص سے استقبال کیا، وہ دنیا کے کسی بھی ملک میں کم ہی دیکھنے کو ملتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جہاں کئی ممالک میں معمولی بحران پر لوگ گھبرا جاتے ہیں، وہیں پاکستان میں ایک ممکنہ جنگ کے باوجود عوام پرامن اور مضبوط نظر آ رہے ہیں۔

ویڈیو کے اختتام پر ڈریو نے امید ظاہر کی کہ پاک بھارت کشیدگی جلد ختم ہو جائے گی اور خطے میں امن قائم ہو گا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان کو ایک محفوظ، خوبصورت اور دوستانہ ملک کے طور پر دنیا کے سامنے پیش کرنا چاہتے ہیں۔