
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بالائی علاقوں بشمول وسطی و بالائی پنجاب، اسلام آباد، خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں غیر معمولی گرمی متوقع ہے۔ ان علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے کہیں زیادہ ہو گا، جس کے باعث عوام کو دھوپ اور تیز گرمی سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔
اسی طرح 16 مئی سے 20 مئی تک جنوبی پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے علاقوں میں بھی گرمی کی شدت برقرار رہے گی، جہاں دن کے اوقات میں درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ کیے جانے کی توقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں:بارشوں کا نیا اسپیل تیار، محکمہ موسمیات کی پیشگوئی
محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔ میدانی علاقوں میں دن کے وقت گرمی کی شدت مزید بڑھنے کا امکان ہے، جبکہ کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں دوپہر کے بعد مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کے ساتھ ساتھ کہیں کہیں تیز ہوائیں، گرج چمک اور ہلکی بارش بھی ہو سکتی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بھی ملک کے کئی علاقوں میں شدید گرمی دیکھی گئی۔ دادو اور تربت میں سب سے زیادہ 48 ڈگری سینٹی گریڈ، ڈی جی خان میں 47 ڈگری، جبکہ نور پور تھل، بھکر، بہاولنگر، رحیم یار خان، بہاولپور اور نوکنڈی میں 46 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات نے بزرگ شہریوں، بچوں اور بیمار افراد کو مشورہ دیا ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں، پانی کا زیادہ استعمال کریں اور خود کو گرمی سے بچانے کے لیے مناسب اقدامات کریں تاکہ ہیٹ اسٹروک سے بچا جا سکے۔