بارشوں کا نیا اسپیل تیار، محکمہ موسمیات کی پیشگوئی
Pakistan weather forecast
فائل فوٹو
اسلام آباد:(ویب ڈیسک) پاکستان بھر میں ایک بار پھر موسم نے کروٹ لے لی ہے، محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف حصوں میں گرج چمک اور ژالہ باری کے ساتھ موسلادھار بارشوں کی پیش گوئی کر دی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور گردونواح میں مطلع جزوی طور پر ابرآلود رہنے کا امکان ہے، جہاں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک اور چکوال کے علاقوں میں بھی گرج چمک اور ژالہ باری کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

پنجاب کے بیشتر علاقوں بشمول جہلم، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، ناروال، فیصل آباد، لاہور، سرگودھا، خوشاب، شیخوپورہ اور حافظ آباد میں بارش اور ژالہ باری متوقع ہے، جو فصلوں اور معمولاتِ زندگی کو متاثر کر سکتی ہے۔

مزید برآں خیبر پختونخوا میں چترال، شانگلہ، دیر، سوات، مالاکنڈ، پشاور، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور باجوڑ کے علاوہ صوابی، مردان، چارسدہ، خیبر، کرم، کرک، لکی مروت، بنوں، کوہاٹ، ہنگو، وزیرستان اور ڈی آئی خان میں تیز بارشوں اور ژالہ باری کا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں:لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش

اسی طرح جنوبی پنجاب کے اضلاع میانوالی، بھکر، لیہ، ساہیوال، ملتان اور ڈیرہ غازی خان میں بھی بارش کی توقع کی جا رہی ہے، جو مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا سبب بن سکتی ہے۔

دوسری جانب سندھ اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، البتہ بلوچستان کے بالائی علاقوں میں تیز ہوائیں چلنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور ممکنہ موسمی حالات سے بچاؤ کے اقدامات کریں۔