
عدالت نے دورانِ سماعت نیب (قومی احتساب بیورو) سمیت دیگر تمام متعلقہ فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے ہدایت دی کہ وہ آئندہ سماعت سے قبل اپنے جوابات عدالت میں جمع کرائیں۔ عدالت نے مزید حکم دیا کہ سزا معطلی کی یہ درخواستیں آئندہ ہفتے دوبارہ سماعت کے لیے مقرر کی جائیں گی، اور اگلی تاریخ پر فریقین کے دلائل سنے جائیں گے۔ سماعت کے دوران وکلاء نے ابتدائی دلائل دیئے تاہم مکمل بحث اگلی سماعت تک ملتوی کر دی گئی۔
یہ بھی پڑھیں:عمران خان قومی مفاد میں مذاکرات کیلئے تیار: علی امین گنڈا پور
یاد رہے کہ احتساب عدالت اسلام آباد نے 190 ملین پاؤنڈ کے کرپشن کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کو 14 سال قید، جبکہ ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو 7 سال قید کی سزا سنائی تھی۔ عدالت نے ان دونوں پر بھاری جرمانے بھی عائد کیے تھے اور جائیداد ضبطی کا حکم بھی دیا تھا۔
اس کیس کا تعلق برطانیہ سے پاکستان منتقل کی گئی 190 ملین پاؤنڈ کی رقم سے ہے، جس پر الزام ہے کہ اسے غیر قانونی طور پر ذاتی مفادات کے لیے استعمال کیا گیا۔ نیب کے مطابق یہ رقم قومی خزانے میں جمع کرانے کی بجائے نجی سوسائٹی اور ذاتی فائدے کے لیے استعمال کی گئی۔
عمران خان اور بشریٰ بی بی دونوں نے اپنی سزا کے خلاف اپیلیں دائر کر رکھی ہیں اور اب انہوں نے ان سزاؤں کی معطلی کے لیے بھی عدالت سے رجوع کر لیا۔ اس حوالے سے آئندہ ہفتے عدالت میں فیصلہ کن کارروائی متوقع ہے، جس پر ملک بھر کی نظریں مرکوز ہیں۔