
ذرائع کا بتانا ہے کہ پاکستان نے کامیابی سے اپنے علاقے کا دفاع کیا اور ڈیٹرنس کو بحال کیا، بھارت کی جانب سے دو طرفہ تعلقات میں "نیو نارمل" بنانے کی کوششوں کو پاکستان نے مؤثر طور پر ناکام بنا دیا۔
سکیورٹی ذرائع نے واضح کیا ہے کہ پاکستان بھارت کو علاقائی برتری اور امن کو خطرے میں ڈالنے کی اجازت نہیں دے گا، پاکستان بھارت کے غیر قانونی اقدامات کی دوٹوک مذمت کرتا ہے۔
ذرائع کی جانب سے یہ بھی کہا گیا کہ بین الاقوامی قانون کے مطابق، 7 مئی 2025 کے بعد سے بھارتی اقدامات واضح طور پر جنگی کارروائیوں کے زمرے میں آتے ہیں،بھارتی اقدامات اقوامِ متحدہ کے چارٹر، بین الاقوامی قانون، اور ریاستوں کے درمیان تعلقات سے متعلق تسلیم شدہ اصولوں کی صریح خلاف ورزی تھے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق بھارت کے غیر ذمہ دارانہ اقدامات نے دونوں ایٹمی طاقتوں کو بڑے تصادم کے قریب پہنچا دیا، بھارت کا جنگی جنون اور عسکری جنون دنیا بھر کے لیے تشویش کا باعث ہونا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں: دشمن کے ایئربیسز تباہ کرنیوالے پائلٹس کی تصاویر سامنے آگئیں
سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ جنوبی ایشیا میں دنیا کی آبادی کا پانچواں حصہ رہتا ہے، جنوبی ایشیا بھارت جیسے غیر ذمہ دارانہ اقدامات کا متحمل نہیں ہو سکتا۔
خیال رہے کہ بھارت نے پہلگام فالس فلیگ کی آڑ میں 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب میزائلوں سے پاکستان کے مختلف شہروں کو نشانہ بنایا جس میں 26 پاکستانی شہید اور 46 زخمی ہوئے تھے، اس کے بعد بھارت نے ڈرون حملوں کے ذریعے پاکستان کے مختلف شہروں میں جاسوسی کی کوشش کی جو افواج پاکستان نے ناکام بنادی اور جوابی کارروائی میں بھارت کے رافیل طیاروں سمیت 5 جہاز گرادیئے۔
پاکستان کی جانب سے متعدد بار وارننگ کے باوجود بھارت کا جنگی جنون کم نہ ہوا اور گزشتہ شب بھارت نے پاکستان کی ایئربیسز کو نشانہ بنانے کی کوشش کی جو پاکستان نے ناکام بنادی۔
بھارتی حملوں کے جواب میں پاکستان نے آپریشن بنیان المرصوص لانچ کیا جس میں بھارت کو بھاری نقصان کا سامنا کرنا پڑا بعدازاں امریکا کی ثالثِی میں دونوں ممالک کے درمیان سیز فائر ہو گیا۔