
سکیورٹی ذرائع کے مطابق بھارتی فوج کی جانب سے ایل او سی پر بلا اشتعال فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے جبکہ افواج پاکستان بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے رہی ہیں۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ ایل او سی پر پانڈو سیکٹر میں افواج پاکستان نے بلا اشتعال فائرنگ کرنے پر بھارتی فوج کے ہیڈکوارٹر کو تباہ کر دیا، بھارتی بٹالین ہیڈکوارٹر نانگا ٹک پر پاکستان کی مسلح افواج کی گولہ باری سے دشمن کو شدید نقصان ہوا۔
سکیورٹی ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ پہلے بھی پاک فوج کی مؤثر جوابی کارروائی سے دشمن کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا، اس سے قبل بھی پاکستان کی مؤثر جوابی کارروائی کی بدولت بھارتی فوج کو کئی چیک پوسٹوں پر سفید جھنڈا بھی لہرانا پڑا۔
سکیورٹی ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ پاک فوج نے حاجی پیر سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ کرنے پر بھارتی فوج کی جھنڈا زیارت پوسٹ کو تباہ کر دیا، جھنڈا زیارت پوسٹ کی تباہی سے دشمن کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔
ذرائع کا مزید بتانا ہے کہ اس سے قبل بھی پاکستان کی موثر جوابی کارروائیوں سے کئی بھارتی چیک پوسٹیں تباہ ہو چکی ہیں۔
خیال رہے کہ بھارت نے پہلگام فالس فلیگ کو بہانہ بنا کر پاکستانی سرحدی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب مختلف شہروں میں سول آبادی کو نشانہ بنایا، جس میں مساجد شہید ہوئیں جبکہ 31 شہری شہیداور 57 زخمی ہوئے۔
پاک بھارت کشیدگی کے بعد ایل او سی پر بھی بھارتی فوج کی جانب سے بلا اشتعال فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے جس کا افواج پاکستان کی جانب سے بھرپور جواب دیا جارہا ہے، وزیر اطلاعات عطا تارڑ کے مطابق پاک فوج کی جوابی کارروائی میں ایل او سی پر اب تک 50 بھارتی فوجی جہنم واصل ہو چکے ہیں۔