پاکستان کا بھارت کو بھرپور جواب، 5 طیارے مار گرائے
پاکستان نے بھارت کے بزدلانہ حملے کے بعد بھر پور جواب دیتے ہوئے دشمن کے 5 طیارے مار گرائے جبکہ کئی بھارتی فوجیوں کو قیدی بھی بنالیا
پاک فضائیہ نے بھارت کے 5 طیارے مار گرائے / فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) پاکستان نے بھارت کے بزدلانہ حملے کے بعد بھر پور جواب دیتے ہوئے دشمن کے 5 طیارے مار گرائے جبکہ کئی بھارتی فوجیوں کو قیدی بھی بنالیا۔

تفصیلات کے مطابق 12 بج کر 50 منٹ پر بھارت نے پاکستان پر بزدلانہ حملہ کیا۔ بھارتی میزائلوں نے 6 مقامات کو نشانہ بنایا جس میں 8 معصوم شہری شہید جبکہ 35 زخمی ہوئے۔ پاک فوج نے فوری اور مؤثر جواب دیتے ہوئے ٹھیک 5 منٹ بعد بھارت کا پہلا طیارہ مار گرایا۔

پاک افواج نے جوابی کاروائی میں بھارت کا بریگیڈ ہیڈکوارٹر بھی تباہ کر دیا۔ نکیال، جولی، بڈوری پیرکنٹھی اور تتہ پانی سیکٹر میں پاکستانی فورسز نے بھرپور جوابی کارروائی کی جس کے بعد بھارتی فوجی چوکیاں چھوڑ کر بھاگ گئے۔ پاکستان  نے بھارتی فوج کا انفینٹری بریگیڈ ہیڈکوارٹر تباہ کر دیا۔

 پاک فوج نے بھارت کے 5 طیارے مار گرائے۔ پاک فضائیہ نے 3 رافیل، ایک مگ 29 اور ایک ایس یو تھرٹی طیارہ مار گرایا۔ پاک فضائیہ نے ایوانتی پورا کے جنوب مغرب میں 17 ناٹیکل مائل بھارت کا رافیل طیارہ مار گرایا۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق مار گرائے گئے بھارتی طیاروں میں 3 رافیل، ایک مگ اور ایک ایس یو 30 شامل ہیں۔

ڈجی جی آئی ایس پی آر کا بتانا ہے کہ پاکستان نے بھارت کے 5 جنگی طیارے مارگرائے ہیں جبکہ پاکستان کے تمام طیارے محفوظ ہیں، بھارتی طیاروں کو بھارت کی فضائی حدود میں مارگرایا ہے، پاکستان پر حملے کے بعد بھارتی طیاروں کو نشانہ بنایا گیا۔ ترجمان پاک فوج کا بتانا ہے کہ لائن آف کنٹرول پر مسلسل فائرنگ کا تبادلہ ہو رہا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ پاکستان میں 6 مقامات پر بھارت نے 24 حملے کیے ہیں، بھارتی حملوں میں 8 شہری شہید اور 35 شہری زخمی ہوئے، پاک فوج بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دے رہی ہے، کوٹلی آزاد کشمیر میں مسجد عباس کو نشانہ بنایا گیا جس میں 2 شہادتیں ہوئیں۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ بھارت نے ایک مسجد کو شہید کیا، شہریوں کے 4 کوارٹرز کو نشانہ بنایا، بھارتی جارحیت کو دنیا کے سامنے بے نقاب کیا جائے گا، مرید کے میں بھی  مسجد کو نشانہ بنایا گیا۔

وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف

وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان نے بھارت کے 5 طیارے مار گرائے، پاکستان نے کئی بھارتی فوجیوں کو قیدی بنالیا۔

ترجمان وزارت خارجہ

اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو بھارتی جارحیت سے آگاہ کر دیا۔ عاصم افتخار نے سلامتی کونسل کو ڈپٹی وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی ہدایات کی روشنی میں آگاہ کیا۔ عاصم افتخار نے سلامتی کونسل کو بھارتی جارحیت کے نتیجہ میں عالمی امن کو لاحق خطرات سے بھی آگاہ کیا۔

سلامتی کونسل کو بتایا گیا کہ پاکستان اپنی پسند کے وقت اور جگہ پر اس جارحیت کا مناسب جواب دینے کا حق رکھتا ہے۔ پاکستان کو اپنے دفاع کا یہ حق اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت حاصل ہے۔

ایل او سی پر بھارتی پوسٹ تباہ

سیکورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج نے ایل او سی پر بھارت کی گفدار پوسٹ بھی تباہ کر دی۔ لائن آف کنٹرول پر پاک فوج بھارتی فوج کے حملوں کو ناکام بناتے ہوئے انہیں پسپا کرنے پر مجبور کر رہی ہیں۔ بھارتی پوسٹ تباہ ہونے کی ویڈیو سامنے آگئی۔

صدر مملکت آصف علی زرداری

صدر مملکت آصف علی زرداری نے بھارت کی جانب سے سرحد پار شہری آبادی کو نشانہ بناتے ہوئے پاکستان کے خلاف جارحیت کی شدید مذمت کی اور کہا کہ پاکستان بھارتی جارحیت کا بھرپور اور منہ توڑ جواب دے گا، بھارتی اشتعال انگیزی کا مقابلہ بھرپور طاقت اور پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے غیر متزلزل عزم کے ساتھ کیا جائے گا۔

آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ شہری علاقوں کو نشانہ بنانا، بلا اشتعال بھارتی حملہ بین الاقوامی قانون، اقوام متحدہ کے چارٹر اور پاکستان کی خودمختاری کی کھلی خلاف ورزی ہے، پوری پاکستانی قوم اپنی بہادر مسلح افواج کے پیچھے متحد ہے، بھارت کے بزدلانہ اقدامات ایک فاشسٹ حکومت کا اصل چہرہ بے نقاب کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت اپنے سیاسی ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لیے علاقائی امن و سلامتی داؤ پر لگانے کے لیے تیار ہے، پاکستان کی مسلح افواج مادر وطن کے ایک ایک انچ کے دفاع کیلئے پوری طرح تیار اور اہل ہیں۔

تعلیمی ادارے بند
پاک بھارت کشیدگی کے بعد پنجاب بھر کے تعلیمی ادارے آج بند رہیں گے۔ وفاقی دارالحکومت کے تعلیمی ادارے آج بند رہیں گے۔ ضلعی انتظامیہ اسلام آباد کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا جس میں کہا گیا کہ سیکیورٹی وجوہات کی بناء پر آج نجی و سرکاری سکولز و کالجز بند رہیں گے۔ آج ہونے والے امتحانات شیڈول کے مطابق منعقد کیے جائیں گے۔

 بھارت نے سفید جھنڈا لہرا دیا

پاکستان آرمی کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر دشمن کی پوسٹوں کو بھاری نقصان کے بعد بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول کے چورا کمپلیکس پر سفید جھنڈا لہرا دیا۔ سفید جھنڈا لہرا کر بھارتی فوج نے شکست تسلیم کر لی۔ پاکستان فوج دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے رہی ہے۔
 

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان کے خلاف بھارت کے تصدیق شدہ حملے کو ’شرمناک‘ قرار دے دیا۔ امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق صدر ٹرمپ نے کہاکہ انہیں یہ خبر منگل کی شام اوول آفس کی تقریب سے پہلے ملی۔ انہوں نے کہا کہ یہ شرم کی بات ہے، ابھی ہم اوول کے دروازوں سے گزر ہی رہے تھے کہ اس کے بارے میں سنا۔

 صدر ٹرمپ نے اپنے خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف کی حلف برداری کی تقریب کی نگرانی کے بعد کہا کہ ’مجھے لگتا ہے کہ لوگ جانتے تھے کہ ماضی کی بنیاد پر کچھ ہونے والا ہے، وہ طویل عرصے سے لڑ رہے ہیں، آپ جانتے ہیں کہ وہ کئی دہائیوں اور صدیوں سے لڑ رہے ہیں‘۔ انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ یہ بہت جلد ختم ہو جائے گا۔

8:45_ ایشیائی ایئر لائنوں نے روٹ بدل لیے

پاک بھارت کشیدگی کے باعث ایشیائی ایئر لائنوں نے روٹ بدل لیے۔ تائیوانی ایئر لائن کا کہنا ہے کہ یورپ سے آنے اور جانے والے والی فلائٹس کا روٹ بدل رہے ہیں۔ دبئی جانے والی جنوبی کوریا کی ایئر لائن نے بھی پاکستانی ایرسپیس کا استعمال روک دیا۔ یوکرین کی جنگ کے بعد یہ ایئر لائنز پاکستانی اور بھارتی اایئر سپیس استعمال کر رہی تھیں۔

9:00_ قوم پاک افواج کے شانہ بشانہ

پوری قوم پاکستان افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہوگئی، اس سلسلے میں حیدرآباد میں سکول کے ننھے بچوں نے پاکستانی افواج کی حمایت میں ریلی نکالی جس میں طلباء نے پاکستانی پرچم اور بینرز تھامے پاک فوج اور پاک فضائیہ کے حق میں نعرے بازی کی۔ ریلی لیاقت کالونی کے علاقے میں اسکول ہیڈماسٹر الیاس بھٹی کی قیادت میں نکالی گئی۔ شرکاء ریلی کا کہنا تھا کہ پاکستان افواج نے دشمن کا غرور خاک میں ملادیا ہے، ہم پاکستانی شاہینوں کو بھارتی طیارے مار گرانے پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

9:05_چین کا ردعمل

چین نے پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی اور پاکستان پر بھارتی حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے پاک بھارت کشیدگی پر تشویش کا اظہار کر دیا۔

چینی وزارت خارجہ نے پاکستان اور بھارت سے امن اور استحکام کے وسیع تر مفاد میں کام کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کا پاکستان پر حملہ افسوسناک ہے، فریق پرسکون رہیں، تحمل کا مظاہرہ کریں اور ایسی کارروائیوں سے گریز کریں جو صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا دیں۔

 9:30_بھارت کی تصدیق

پاکستان کی جانب سے گرائے جانے والے بھارتی جہازوں کی تصویریں سامنے آگئیں جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ طیاروں کی تباہی کے بعد ان کا ملبہ بکھرا پڑا ہے۔

انڈیا کے چار سرکاری عہدیداروں نے تصدیق کی ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں 3 لڑاکا طیارے گر کر تباہ ہو گئے ہیں۔ پاکستان فوج کے ترجمان نے بتایا ہے کہ پاکستان نے پانچ انڈین طیارے مار گرائے ہیں۔

9:56_ ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے رات کی تاریکی میں پاکستان پر حملہ کیا، احمد پور شرقیہ میں بزدلانہ حملے میں 13 شہری شہید ہوئے، بھارت نے 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب اپنی بزدلانہ تاریخ دہرائی، کوٹلی میں مسجد عباس پر حملے میں 2 بچے شہید ہوئے۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ مریدکے میں مسجد کو نشانہ بنایا گیا جس میں 3 افراد شہید ہوئے، سیالکوٹ اور شکر گڑھ حملوں میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، مظفرآباد کے قریب مسجد بلال کو بربریت کا نشانہ بنایا گیا جس میں 3 شہری شہید ہوئے، ایل اوسی پر بھارت کی اشتعال انگیزی سے 5 شہری شہید ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے اب تک دشمن کے 5 لڑاکا طیارے اور ایک مسلح ڈرون مار گرایا، اونتی پور، بھٹنڈا، اکھنور، سری نگر کے قریب بھارتی لڑاکا طیاروں کے ملبے دیکھے جاسکتے ہیں، مارگرائے گئے بھارتی طیاروں میں 3 رافیل، ایک سخوئی اور ایک مگ 29 شامل ہیں، پاک فضائیہ نے مستعدی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کو اپنی حدود میں داخل نہیں ہونے دیا۔

 ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے تمام طیارے محفوظ ہیں، پاک آرمی نے مؤثر کارروائی میں ایل او سی پر دشمن کے متعدد ٹھکانے تباہ کیے، پاک فوج کی کارروائی میں بھارتی فوج کا ایک بریگیڈ ہیڈکوارٹرز بھی تباہ ہوا، آبی تنصیبات کو نشانہ بنانا جنگی اقدار اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے، بھارت نے نیلم جہلم پراجیکٹ پر نوسیری ڈیم کے اسٹرکچر کو نشانہ بنایا، ہائیڈرو پراجیکٹ کو نشانہ بنانا ناقابل قبول اور خطرناک ہے، بھارتی آبی جارحیت کے سنگین نتائج ہوں گے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ ہمارا دشمن بزدل اور کم ظرف ہے، بھارت میں مودی انتہا پسند اقلیتوں پر زمین تنگ کیے ہوئے ہے، عالمی قوانین مذہبی اور مقدس مقامات کو نشانہ بنانے کی اجازت نہیں دیتے، بھارتیوں کو موت کا ڈر اور ہمیں شہادت کی آرزو ہے، پاکستان نے اپنے دفاع میں جوابیکارروائی کی، یہ واضح کر دوں وقت اور جگہ کا تعین ہم کریں گے، بھارت کو بھرپور جواب دیا جائے گا۔

11:06_ نیلم جہلم ہائیڈرو پروجیکٹ کو نقصان

سکیورٹی ذرائع کے مطابق بھارت نے بزدلانہ حملہ کرتے ہوئے نیلم جہلم ہائیڈرو پروجیکٹ پر بھی گولہ باری کی جو بین الاقوامی قوانین کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔ نوسیری ڈیم دریائے نیلم پر واقع انٹیک سٹرکچر کو گزشتہ شب 2 بجے نشانہ بنایا گیا۔

بھارتی گولہ باری سے ڈی سینڈرز یونٹ میں واقع انٹیک گیٹس کو نقصان پہنچا۔ ہائیڈرولک سسٹم کے ایک ہائیڈرولک پروٹیکشن یونٹ کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ حملے میں ایک ایمبولینس کو بھی نقصان پہنچا۔ آبی ذخائر جیسے حساس مقامات کو نشانہ بنانا بین الاقوامی اصولوں کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔

11:12_ بھارتی ناظم الامور کی دفتر خارجہ طلبی

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے بھارتی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کر کے بھارتی حملوں پر شدید احتجاج ریکارڈ کرایا، بھارت نے پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر میں بلااشتعال حملے کیے، بھارتی حملوں میں خواتین اور بچوں سمیت متعدد شہری شہید و زخمی ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کی جارحیت پاکستان کی خودمختاری کی صریح خلاف ورزی ہے، بھارتی اقدامات اقوام متحدہ کے چارٹر، عالمی قوانین اور بین الریاستی ضوابط کے منافی ہیں، پاکستان نے بھارت کے بے بنیاد مؤقف کو مسترد کر دیا، بھارت کو خبردار کیا گیا کہ ایسی مہم جوئی خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرہ ہے۔

11:30_ ہسپتالوں میں ایمرجنسی کا نفاذ

محکمہ داخلہ پنجاب نے پاک بھارت کشیدگی کے دوران ہسپتالوں میں ایمرجنسی کا مراسلہ جاری کر دیا جس میں پنجاب بھر کے ہسپتالوں میں فوری طور پر "ایمرجنسی ہیلتھ الرٹ" جاری کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ مراسلہ سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ اور سیکرٹری محکمہ صحت و آبادی پنجاب کے نام جاری کیا گیا۔

مراسلے میں کہا گیا کہ بھارتی حملے کے تناظر میں شعبہ صحت کی ایمرجنسی خدمات کی فراہمی نہایت اہم ہے، ہنگامی بنیادوں پر ہیلتھ ایمرجنسی کا نفاذ عمل میں لایا جائے، ہسپتالوں میں ایمرجنسی رسپانس پروٹوکولز کو مکمل طور پر فعال کیا جائے، ہسپتالوں میں ڈاکٹرز، نرسز، پیرامیڈیکس اور معاون عملہ مناسب تعداد میں ہمہ وقت موجود رہے۔

مراسلہ محکمہ داخلہ کے انٹرنل سکیورٹی ونگ نے جاری کیا جس میں مزید کہا گیا کہ طبی سامان، ایمرجنسی کٹس اور بطور عطیہ خون کی دستیابی یقینی بنائی جائے، ہنگامی حالات میں ریسکیو اور ایمرجنسی سروسز کی ہم آہنگی یقینی بنائی جائے۔

 11:44_بھارت نے پوسٹ وانجل فارورڈ پر بھی سفید جھنڈا لہرا دیا

 سکیورٹی ذرائع کے مطابق بھارتی فوج نے وادی لیپہ سیکٹر کی پوسٹ وانجل فارورڈ پر بھی سفیدجھنڈا لہرا دیا۔ پاکستان آرمی کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر دشمن کو بھاری نقصان پہنچانے کا سلسلہ جاری ہے۔ اس سے قبل چورا کمپلیکس پوسٹ اور چکوٹھی سیکٹر میں بھی بھارتی فوج نے سفیدجھنڈا لہرا دیا تھا۔

جنگ کے دوران سفید جھنڈا لہرانے کا مطلب شکست تسلیم کرنا ہے۔ بھارتی فوج کی بزدلانہ کارروائیوں کا پاک فوج موثر جواب دے رہی ہے۔ پاکستان کی جانب سے جوابی کارروائی کے نتیجے میں بھارتی فوج بوکھلاہٹ اور خوف میں مبتلا ہو چکی ہے۔

 12:01_ پاک فوج نے ایک اور بھارتی ڈرون مار گرایا

سکیورٹی ذرائع کے مطابق شکر گڑھ سیکٹر میں بھارتی فوج کا ڈرون پاکستان رینجرز نے مار گرایا۔ ڈرون کے ذریعے در اندازی کی ناکام کوشش صبح کے وقت کی گئی۔ پاک فوج دشمن کی ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے میں مصروف ہے۔

12:51_ قومی سلامتی کمیٹی اجلاس

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا ہنگامی اجلاس ہوا جس میں اعلیٰ فوجی حکام، وزراء اور دیگر اہم شخصیات شریک ہوئیں۔ قومی سلامتی کمیٹی نے آپریشنل تیاریوں اور جوابی ردعمل پر اطمینان کا اظہار کیا۔ فورم نے بھارت کو بھرپور جواب دینے پر پاک افواج کو شاباش دی۔
قومی سلامتی کمیٹی نے فوری، موثر اور منہ توڑ جواب دینے پر پاک افواج کو خراج تحسین پیش کیا۔ اجلاس میں بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستان کی آئندہ حکمت عملی پر غور کیا گیا۔ بھارت کو دفاعی، سفارتی اور عوامی سطح پر ناکامی کا سامنا رہا۔

اجلاس میں بھارت کے حملوں اور پاکستان کی جوابی کارروائی پر عسکری حکام نے بریفنگ دی اور بھارت کے حملوں، پاکستان کا ردعمل اور خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تفصیلی مشاورت ہوئی۔ فورم نے عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کی امن کی خواہش کو کمزوری سمجھنے والا دشمن کسی بھول میں نہ رہے۔

شرکا کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پاکستان نے بھارت کے حملوں کا فوری جواب دیتے ہوئے بھارتی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا، بھارت کے پانچ طیارے گرائے، بریگیڈ ہیڈکوارٹر کو تباہ کر دیا۔ شرکاء کو بھارتی حملے کے نتیجے میں ہونیوالے نقصانات کی تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔

فورم نے بھارت کو ہر قسم کی مہم جوئی کا بھرپور جواب دینے کا عزم کیا اورکہا کہ ازلی دشمن نے حملے میں پہل کی، اب نتائج بھی بھگتنا ہونگے، بھارت نے نیلم جہلم منصوبے کو بھی نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔ سلامتی کمیٹی میں آبی زخائر کو نقصان پہنچانا بین الاقوامی قوانین کی صریحاً خلاف ورزی قرار دیا گیا۔

قومی سلامتی کمیٹی نے کہا کہ پاکستان کسی بھی قسم کی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے، پاکستان خطے میں امن کا خواہاں، ہماری پرامن رہنے کی خواہش کو کمزوری سمجھا گیا، پاکستان کا بھارت سے حساب چکتا کرنے کا عزم،ایک کا جواب دو سے دیا جائے گا، سفید جھنڈے لہرانا بھارت کا شکست تسلیم کرنا ہے۔

اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ساری قوم اپنی بہادر مسلح افواج کے ساتھ ہے، پاکستان کی خود مختاری سالمیت اور وقار پہ کوئی انچ نہیں آنے دیں گے۔ وزیراعظم قومی سلامتی کمیٹی اجلاس کے بعد قوم کو بھی اعتماد میں لیں گے۔ قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں اور پاکستان کی آئندہ حکمت عملی سے آگاہ کیا جائے گا۔

  13:00_ پاک بھارت کشیدگی پر جاپان کا ردعمل

پاک بھارت کشیدگی پر جاپان نے گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان اور بھارت سے پات چیت کے تحت مسائل کے حل کا مطالبہ کردیا۔ ترجمان جاپانی حکومت نے کہا کہ موجودہ صورتحال مکمل فوجی تصادم کی طرف بڑھ سکتی ہے، جنوبی ایشیا میں امن کو یقینی بنانے کے لیے پاکستان اور بھارت تحمل سے کام لیں۔

 13:10_ خواجہ آصف

وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم قوم سے خطاب کریں گے، وزیراعظم قومی اسمبلی اجلاس میں شرکت کریں گے، 3 بجے کے قریب قومی سلامتی کمیٹی اجلاس سے وزیر اعظم کا خطاب نشر ہو گا، قومی سلامتی کمیٹی اجلاس کے حوالے سے اعلامیہ آئے گا۔

 13:17_ جے ایف 17 کی طیارہ ساز کمپنی کے شیئرز میں اضافہ

 ذرائع کے مطابق عالمی مارکیٹ نے پاک فضائیہ کی صلاحیتوں پر بھرپور اعتماد کا اظہار کر دیا۔ جے ایف 17 کی طیارہ ساز کمپنی کے شیئرز میں 18 فیصد سے زائد اضافہ کر دیا۔ عالمی سطح پر سرمایہ کاروں نے پاکستانی جنگی طیاروں کو سراہا۔ چنگدو کمپنی کے شیئرز میں اضافہ ہو گیا۔

دفاعی ماہرین کا کہنا تھا کہ بھارت کے رافیل بنانے والے ڈساوالٹ ایوی ایشن کے شیئرز تنزلی کا شکار ہے، پاکستان کے استعمال کردہ JF-17 اور J-10C طیارے عالمی توجہ کا مرکز ہے، بھارتی طیارے رافیل کی ناکام کارکردگی پر سوالات اٹھنے لگے۔

13:54_ قومی سلامتی کمیٹی اعلامیہ

نیشنل سیکورٹی کمیٹی کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا جس میں کہا گیا کہ پاکستان بھارتی جارحیت کے خلاف اپنے دفاع میں جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے، مسلح افواج کو جوابی کاروائی کا با ضابطہ اختیار دے دیا گیا ہے، اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت پاکستان کو اپنے دفاع میں جوابی کاروائی کا حق حاصل ہے، بھارت نے تمام عقل و شعور کے برخلاف ایک بار پھر خطے میں آگ بھڑکائی ہے، حملے کے نتیجے میں ہونے والے نتائج کی ذمہ داری مکمل طور پر بھارت پر عائد ہوگی۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ بھارتی جارحیت کیخلاف پاکستان کی علاقائی سالمیت، بشمول آزاد جموں و کشمیر، کا بھرپور دفاع کیا، جوابی کارراوئی میں پانچ بھارتی جنگی طیاروں اور بغیر پائلٹ فضائی گاڑیوں کو بھی مار گرایا، قوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے مطابق، پاکستان بدلہ لینے کیلیے خود دفاعی حق کے تحت، اپنی مرضی کے وقت، جگہ اور طریقے سے جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے، پاکستان کی مسلح افواج کو اس سلسلے میں مناسب اقدامات کرنے کی مکمل اجازت دی گئی ہے۔

اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت پاکستان کو اپنے دفاع میں جوابی کاروائی کا حق حاصل ہے۔ 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب بھارتی مسلح افواج نے میزائل، فضائی اور ڈرون کے ذریعے پاکستان کے مختلف مقامات پہ حملہ کیا، پنجاب میں سیالکوٹ، شکر گڑھ، مریدکے اور بہاولپور جبکہ آزاد کشمیر میں کوٹلی اور مظفر آباد کو نشانہ بنایا گیا، بین الاقوامی برادری ہندوستان کے غیر قانونی اقدامات اور سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے، پاکستان اپنی پسند کے وقت، جگہ اور انداز میں جوابی کارروائی کا حق رکھتا ہے۔  

15:13_وزیراعظم شہباز شریف اور قطر کے وزیر اعظم میں رابطہ

وزیر اعظم شہباز شریف کو قطر کے وزیر اعظم و وزیر خارجہ محمد بن عبدالرحمن بن جاسم بن جابر الثانی نء ٹیلیفونک رابطہ کیا۔ وزیر اعظم نے اس مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ یکجہتی اور حمایت پر قطر کا شکریہ ادا کیا۔ شہباز شریف نے بھارت کی جانب سے پاکستان میں 6 مقامات پر میزائل حملوں کو بلا اشتعال کارروائی قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی۔

اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت پر بھارت نے بزدلانہ حملے کیا جس کے نتیجے میں بے گناہ 26 مرد، خواتین اور بچے شہید ہوئے اور چند مساجد کو نقصان پہنچا، بھارت کی اس جارحانہ کارروائی نے جنوبی ایشیاء میں امن و استحکام کو نقصان پہنچایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جہاں پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے، وہیں پاکستان اپنی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کا پوری جانفشانی اور طاقت کے ساتھ دفاع کرے گا، پہلگام واقعہ کے بعد بھارت کے الزامات کی غیر جانبدار اور شفاف بین الاقوامی تحقیقات کی پیشکش کی تھی، ہمیں خوشی ہوتی اگر قطر اس کوشش میں شامل ہوتا۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ بھارت نے جارحیت کا خطرناک راستہ چنا جس سے اس کے غیر ذمہ دارانہ ریاستی رویے کا اظہار ہوتا ہے جس سے خطے میں امن اور امان کی صورتحال خراب ہوئی۔ قطر کے وزیراعظم نے قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا۔ قطر کے وزیر اعظم نے جنوبی ایشیاء میں قیام امن کے لیے پاکستان کے عزم کو سراہا۔ قطری وزیر اعظم نے کہا کہ قطر خطے میں موجودہ کشیدگی کو کم کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہتا ہے۔

15:30_ پی ڈی ایم اے پنجاب الرٹ

وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات پر پی ڈی ایم اے پنجاب الرٹ ہوگیا۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے صوبہ بھر کے کمشنرز و ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایات کر دی۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے نے صوبائی کنٹرول روم سمیت ضلعی ایمرجنسی مراکز کو الرٹ رہنے کی ہدایات کی۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ پنجاب کے تمام اضلاع میں ضلعی ایمرجنسی آپریشن سینٹرز کو الرٹ کر دیا گیا ہے، پی ڈی ایم اے پنجاب تمام ضلعی ایمرجنسی مراکز سے لمحہ بہ لمحہ رابطے میں ہے۔ پی ڈی ایم اے پنجاب دریاؤں میں پانی کی صورتحال کو بھی مسلسل مانیٹر کر رہا ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے وئیر ہاؤسز کو امدادی سامان سٹینڈ بائی رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی جارحیت کے پیش نظر تمام ریسکیو و ریلیف ادارے الرٹ رہیں۔ ریسکیو محکمہ صحت اور سول ڈیفنس کے ادراے موجودہ صورتحال کے پیش نظر الرٹ ہیں۔

15:45_ اسحاق ڈار سے اطالوی وزیر داخلہ کی ملاقات

نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار سے اطالوی وزیر داخلہ میٹیو پیانتیڈوزی نے ملاقات کی جس میں نائب وزیر اعظم نے پاکستان اور اٹلی کے درمیان تعلقات کے مثبت رجحان پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اس موقع پر اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پاک اٹلی ڈائیلاگ میکنزم باقاعدہ روابط کے لیے بہترین بنیاد فراہم کرتا ہے، تجارت اور سرمایہ کاری، سلامتی اور تعلیم کے شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو وسعت دینے کی بے پناہ گنجائش ہے۔

 نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ نے محنت کشوں کی نقل و حرکت کے شعبے میں پاکستان اور اٹلی کے بڑھتے ہوئے تعاون کو سراہا۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ افرادی قوت کے شعبے میں دوطرفہ مفاہمتی یادداشت اہم سنگ میل ہے۔

 16:45- پاکستانی فوج نے بھارتی حملے کی ناکام کوشش کا منہ توڑ جواب دیا: وزیراعظم

 قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ 22 اپریل کو پہلگام میں افسوسناک واقعہ ہوا، ہندوستان نے دس منٹ میں ایف آئی آر رجسٹر کی، اس کے بعد پاکستان پر بے بنیاد الزام تراشی شروع کر دی، میں ترکی دورے پر تھا تو پہلگام واقعہ کیا اطلاع ملی، پاکستان کا پہلگام واقعہ سے کوئی تعلق نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے انٹرنیشنل کمیشن کے ذریعے شفاف تحقیقات کی آفر کی، ہمیں اس واقعہ کے بعد اگلے روز اطلاع ملتی ہے کہ ہندوستانی جہاز حملے کریں گے، ہماری بہادر افواج ان جہازوں کا سامنا کرنے کیلئے تیار تھیں، رافیل جہازوں پر ہندوستان بہت اتراتا تھا، ہماری ائیر فورس نے ہندوستان کے جہازوں کی کمیونیکیشن لاک کر لی۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ان کو سمجھ نہیں آئی اور سرینگر میں اتر گئے، گزشتہ روز بھی ہندوستان کے 80 جہازوں نے پاکستان میں 6 مقامات پر حملہ کیا، ہمارے عقاب چھپٹے اور 3 رافیل طیاروں کو مار گرایا، پاکستانی ایئرفورس کے جوانوں نے مجموعی طور پر 5 بھارتی طیارے گرائے، اس سے بڑی ہمیں عزت نہیں مل سکتی، یہ روایتی جنگ تھی اور انکا ہوش ٹھکانے آ گئی ہے، پاکستان کے پاس فولادی فوج ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان کے دہشتگردوں کے ساتھ ہندوستان کے رابطے کے ثبوت ہمارے پاس موجود ہیں ، ہندوستان نے سانحہ جعفر ایکسپریس کی مذمت کرنے کی بجائے مذاق اڑایا، جعفر ایکسپریس کو ہائی جیک کرنے والوں کے تانے بانے بھارت سے ملتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ابھی ایک شہید کا جنازہ ہے جس میں صدر پاکستان، آرمی چیف اور میں نے شرکت کرنی ہے، ہم افواج پاکستان کے سپہ سالاروں افسروں اور جوانوں کو سلام پیش کرتے ہیں، کل کی عظیم فتح اتحاد، اتفاق بہتر تیاری اور منصوبہ بندی کا نتیجہ ہے، افواج پاکستان نے کل رات جو جوہر دکھائے ان کا دنیا بھر میں شہرت ہے۔

وزیراعظم نے اپوزیشن کو ایک بار پھر ساتھ بیٹھنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ میں اپنے اپوزیشن کے بھائیوں کے ساتھ مل کر بیٹھنے کو تیار ہوں، آئیں مل کر پاکستان کو عظیم بنائیں، ہم نے دنیا کو پیغام دینا ہے کہ ہم متحد ہیں۔

17:45- بھارتی حملوں سے خطے کے امن و استحکام کو شدید خطرہ لاحق

بھارتی حملوں سے خطے کے امن و استحکام کو شدید خطرہ لاحق ہو گیا،سکیورٹی ماہرین کی جانب سے بھارت کے میزائل حملوں کو بلا اشتعال، غیر ذمہ دارانہ اور عالمی قوانین کی صریح خلاف ورزی قرار دیا جارہا ہے۔

ذرائع کے مطابق 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب رات کی تاریکی میں بزدلانہ کارروائی کرتے ہوئے بھارتے نے پاکستان کے 6 مختلف مقامات کو نشانہ بنایا جس میں 26 افراد شہید جبکہ 46 زخمی ہوئے۔

ایوی ایشن ذرائع نے بتایا ہے کہ حملوں کے وقت پاکستان کی فضائی حدود میں 57 بین الاقوامی پروازیں موجود تھیں جن میں خلیجی اور یورپی ایئر لائنز بھی شامل تھیں، بھارتی حملے کے باعث بین الاقوامی شہری پروازیں خطرے میں پڑ گئیں جبکہ ہزاروں بے گناہ مسافروں کی جانیں داؤ پر لگ گئیں۔

سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ صرف پاکستان پر نہیں بلکہ عالمی امن و سلامتی پر حملہ ہے، جوہری خطے میں کشیدگی بڑھا کر بھارت نے عالمی اصولوں اور انسانی جانوں کو یکسر نظرانداز کیا،سویلین فضائی حدود کو نشانہ بنا کر بھارت نے خود کو غیر ذمہ دار ریاست کے طور پر بے نقاب کر دیا۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ عالمی برادری بھارتی جھوٹے بیانیے سے آگے دیکھے اور اصل جارح کو پہچانے، عالمی طاقتیں اب انصاف، امن اور احتساب کے لیے کھل کر سامنے آئیں کیونکہ بھارت کی جنگی مہم جوئی نے خطے اور دنیا کو بڑے خطرے میں ڈال دیا ہے۔

19:40- وزیر دفاع کا بھارت کے باز نہ آنے پر نیوکلیئر جنگ کا عندیہ

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف کا مودی سرکار کو خبردار کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اگر بھارت نے جنگ کو طول دی تو ایٹمی جنگ ہوسکتی ہے اور ایٹمی جنگ ذمہ دار بھارت ہوگا۔

صحافی کی جانب سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں وزیر دفاع نے کہا کہ ہم چھ سے زیادہ بھارتی طیاروں کو تباہ کر سکتے تھے، مودی اور بھارتی فوج ایک پیج پر نہیں، شہری آبادیوں کو نشانہ بنانا گھٹیا پن کی عکاسی ہے۔